اہم ترین

ویسٹ انڈیز کی کیریبیئن پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا راج

ویسٹ انڈیز کی کیریبیئن پریمیئر لیگ 2026 میں جمیکا کنگز مین کی ٹیم پاکستانی ستاروں کی موجودگی کے باعث خاص توجہ حاصل کر رہی ہے۔ فرنچائز نے اپنی اسکواڈ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شامل کی ہے، جن میں صائم ایوب، معاذ صداقت، عثمان خان اور حنین شاہ نمایاں ہیں۔

جمیکا کنگز مین کے سات اوورسیز کھلاڑیوں کا تعلق پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز حیدرآباد کنگز مین سے ہے، جو پی ایس ایل 2026 کے فائنل تک پہنچی تھی۔ پاکستان نژاد امریکی کھلاڑی حسن خان اور شایان جہانگیر کے ساتھ نوجوان بیٹر طیب عارف بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

صائم ایوب کی سی پی ایل میں واپسی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ وہ 2023 میں گیانا ایمیزون واریئرز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 13 اننگز میں 478 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے۔ صائم ایوب اب بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اسپن باؤلنگ میں بھی اپنی صلاحیتیں دکھا رہے ہیں۔

نوجوان بیٹر معاذ صداقت پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے علاوہ کسی غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے پی ایس ایل 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 178 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے اور قومی اسکواڈز میں بھی جگہ بنائی۔

نسیم شاہ کے بھائی فاسٹ بولر حنین شاہ بھی پوری لیگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ جبکہ صائم ایوب، معاذ صداقت اور عثمان خان 19 اگست کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔

جمیکا کنگز مین کی قیادت روومین پاول کریں گے، جبکہ ٹیم میں آندرے رسل جیسے بڑے نام بھی شامل ہیں۔ سی پی ایل 2026 کا آغاز 7 اگست سے ہوگا اور فائنل 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان