دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل اور ایمیزون کے بانی جیف بیزوس نے انگلش پریمیئر لیگ کے معروف کلب لیورپول میں اقلیتی حصص خریدنے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے برطانوی نژاد بھارتی کاروباری شخصیت امیت بھاٹیا کی قیادت میں قائم کنسورشیم سے مذاکرات کیے ہیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جیف بیزوس نے کنسورشیم میں شمولیت کے امکان پر بات چیت کی ہے، تاہم ابھی یہ حتمی نہیں کہ وہ اس منصوبے کا باقاعدہ حصہ بنیں گے۔ فوربز کے مطابق 62 سالہ بیزوس کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 257 ارب ڈالر (192 ارب پاؤنڈ) ہے۔
لیورپول کے مالکان فین وے اسپورٹس گروپ (ایف ایس جی) نے منگل کو تصدیق کی تھی کہ امیت بھاٹیا کے کنسورشیم نے کلب میں اقلیتی حصص خریدنے کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔ امیت بھاٹیا معروف بھارتی صنعت کار لکشمی متل کے داماد ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اگر یہ معاہدہ طے پا جاتا ہے تو لیورپول کلب کی مجموعی مالیت 6 ارب ڈالر سے زائد لگائی جا سکتی ہے، جو کلب کی تاریخ کی بڑی سرمایہ کاریوں میں شمار ہوگی۔
امیت بھاٹیا نے حال ہی میں کوئنز پارک رینجرز کے بورڈ سے استعفیٰ دے کر اپنی 18 سالہ وابستگی ختم کی اور اپنے حصص کلب کے اکثریتی مالک روبن گنانالنگم کو منتقل کر دیے۔
فین وے اسپورٹس گروپ نے 2010 میں لیورپول کو 30 کروڑ پاؤنڈ میں خریدا تھا، جبکہ 2023 میں اس نے سرمایہ کاری فرم ڈائنسٹی کو بھی کلب میں اقلیتی حصص فروخت کیے تھے۔ اطلاعات کے مطابق امیت بھاٹیا کے کنسورشیم کے ساتھ ممکنہ معاہدہ بھی اسی نوعیت کا ہو سکتا ہے۔











