اسلام آباد: پاکستان میں جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر اسکائی47 کے جدید “قراقرم ون” () ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ یہ ملک کا سب سے بڑا اے آئی ریڈی ڈیٹا سینٹر قرار دیا جا رہا ہے، جو مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ترین “قراقرم ون” ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثر کن اور قابلِ تحسین منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم منصوبے کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی، اور یہ نہایت مختصر مدت میں غیر معمولی عزم، پختہ یقین اور اعلیٰ مہارت کے ساتھ مکمل کیا گیا، جو پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
حکام کے مطابق قراقرم ون سرکاری اداروں، نجی کمپنیوں، بینکنگ، ٹیلی کام، ای کامرس اور آئی ٹی سیکٹر کو محفوظ، تیز رفتار اور جدید ڈیٹا ہوسٹنگ و کلاؤڈ سروسز فراہم کرے گا۔ اس منصوبے سے حساس ڈیٹا کی مقامی سطح پر حفاظت ممکن ہوگی جبکہ بیرونِ ملک ڈیٹا سینٹرز پر انحصار میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار، جدت اور تحقیق کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔











