اہم ترین

اب کتاب سے براہِ راست سوال پوچھیں: اے آئی نے کتابوں کو بھی باتیں کرنا سکھا دیا

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے ترقی نے اب کتابوں کی دنیا میں بھی ایک نیا انقلاب برپا کر دیا ہے۔ نئی اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے قارئین اب کتاب پڑھتے ہوئے براہِ راست اسی کتاب سے سوال پوچھ سکیں گے اور فوری جواب حاصل کر سکیں گے، جس سے مطالعہ پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور دلچسپ ہو جائے گا۔

متعدد ٹیکنالوجی کمپنیاں ایسی اے آئی سروسز متعارف کرا رہی ہیں جو ای بکس اور آڈیو بکس کے ساتھ چیٹ بوٹ فراہم کرتی ہیں۔ اگر قاری کسی کردار، تاریخی پس منظر یا فلسفیانہ نکتے کو سمجھنے میں مشکل محسوس کرے تو وہ فوری سوال پوچھ سکتا ہے اور جواب حاصل کر سکتا ہے، بغیر کسی دوسری ویب سائٹ یا کتاب سے رجوع کیے۔

اے آئی پلیٹ فارم سینائی ڈاٹ اے آئی کے چیف ایگزیکٹو احمد کامل کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کتاب ایک زندہ وجود بن گئی ہو جو قاری سے بات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ مطالعے کا بالکل نیا تجربہ ہے۔

اسی طرح فرانسیسی کمپنی مائے اسمارٹ بُک، امیزون، امیزون آڈیبل، کنڈل اور الیون لیبس بھی ایسی خصوصیات متعارف کرا چکے ہیں، جن کے ذریعے قارئین یا سامعین کتاب کے دوران سوال پوچھ سکتے ہیں اور کہانی کا تسلسل متاثر کیے بغیر جواب حاصل کر سکتے ہیں۔

تاہم اس نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ کاپی رائٹ اور مصنفین کے حقوق کا معاملہ بھی اہم بحث بن گیا ہے۔ بعض کمپنیاں صرف انہی کتابوں پر اے آئی چیٹ بوٹ فراہم کر رہی ہیں جن کے مصنف یا ناشر کی اجازت حاصل کی گئی ہو، جبکہ کچھ پلیٹ فارمز صارفین کو کسی بھی کتاب کو اپ لوڈ کر کے اس پر اے آئی استعمال کرنے کی سہولت دے رہے ہیں، جس پر قانونی اور اخلاقی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سینائی ڈاٹ اے آئی کا کہنا ہے کہ اس نے ایسا نظام تیار کیا ہے جس کے ذریعے مصنفین اور ناشرین کو ان کی کتابوں کے اے آئی استعمال پر مالی معاوضہ دیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق وہ امریکہ کے بڑے اشاعتی اداروں کے ساتھ بھی مذاکرات کر رہی ہے۔

دوسری جانب امریکی مصنفین کی تنظیم آتھرز گلڈ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنفین کی اجازت اور مناسب معاوضے کے بغیر ایسی سہولیات عام ہوئیں تو یہ اشاعتی صنعت کے لیے ایک خطرناک مثال ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان