پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ نعیمہ بٹ نے فلم “مکھو” سے علیحدگی کے معاملے پر ہدایت کارہ و اداکارہ سنگیتا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔
چند روز قبل سنگیتا نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ نعیمہ بٹ کو فلم سے ان کے رویے اور مختلف مطالبات کی وجہ سے الگ کیا گیا، تاہم اداکارہ نے اس تاثر کو درست قرار دینے سے انکار کر دیا۔
نعیمہ بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ وہ پہلے ہی مصروف شیڈول کے باعث فلم کا حصہ نہیں بن سکتی تھیں۔ ان کے مطابق جن نکات کو مطالبات کہا جا رہا ہے، وہ دراصل فلم کو بہتر بنانے کے لیے دی گئی تجاویز تھیں، اور یہ تجاویز خود سنگیتا کی درخواست پر پیش کی گئی تھیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے منصوبے سے علیحدگی کا فیصلہ اپنی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے کیا تھا اور فلم کے لیے دی گئی ٹوکن رقم بھی واپس کر دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی ملاقات کے دوران انہیں یہ رقم دی گئی تھی، حالانکہ وہ اس وقت بھی فلم میں کام کرنے کے حوالے سے مکمل طور پر پُراعتماد نہیں تھیں۔
نعیمہ بٹ نے کہا کہ ان کا مقصد ہمیشہ منصوبے کے معیار میں بہتری لانا تھا، نہ کہ غیر ضروری شرائط عائد کرنا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اختلافِ رائے کے باوجود وہ سنگیتا کی عزت کرتی ہیں کیونکہ وہ ان کی سینئر ہیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر اداکارہ نے سنگیتا اور فلم “مکھو” کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر فنکار کا کام کرنے کا انداز مختلف ہوتا ہے، لیکن باہمی احترام برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اداکارہ مشی خان کی حمایت پر مبنی پوسٹ بھی شیئر کی اور مداحوں کی محبت و حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔











