اہم ترین

سلمان خان کے حق میں عدالت کا فیصلہ: سوشل میڈیا سے کالا ہرن فلم کا مواد ہٹانے کا حکم

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو دہلی ہائی کورٹ سے اہم قانونی ریلیف مل گئی ہے۔ عدالت نے پروڈیوسر امت جانی کو ہدایت دی ہے کہ فلم کالا ہرن: دی بیٹل آف لیگیسی سے متعلق تمام ویڈیوز، ٹیزرز اور تشہیری مواد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے فوری ہٹایا جائے۔

عدالت نے سلمان خان کی درخواست پر سماعت کے دوران پروڈیوسر امت جانی کو سخت سرزنش کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

سلمان خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگرچہ اداکار کو کالا ہرن شکار کیس میں قانونی ریلیف مل چکی ہے، تاہم فلم میں انہیں بالواسطہ طور پر اسی مقدمے سے جوڑا گیا ہے، جس سے ان کی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ فلم کے مرکزی کردار کی شکل و صورت اور نیلا بریسلٹ سلمان خان سے مشابہت رکھتے ہیں، جس سے ناظرین میں غلط تاثر پیدا ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب پروڈیوسر امت جانی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ فلم کے ٹیزر میں سلمان خان کا نام استعمال نہیں کیا گیا اور نہ ہی مصنوعی ذہانت (اے آئی) یا ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک بار کسی کی ساکھ متاثر ہو جائے تو اسے بحال کرنا آسان نہیں ہوتا۔ عدالت نے قرار دیا کہ کسی شخص کی شناخت یا شہرت کو اس کی اجازت کے بغیر اس انداز میں استعمال نہیں کیا جا سکتا جس سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہو۔

پاکستان