بالی ووڈ میں فلم بھائی تیرا اسٹار ہے سے قدم رکھنے والی اداکارہ اور معروف کانٹینٹ کریئیٹر نِہاریکا این ایم نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے آن اسکرین عریاں رومانوی مناظر شوٹ کرنے سے انکار کیا تو ایک بڑی فلم ان کے ہاتھ سے نکل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نِہاریکا کی نئی فلم بھائی تیرا اسٹار ہے 30 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم میں وہ اداکار راگھو جویال کے ساتھ پہلی بار نظر آئیں گی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نِہاریکا نے بتایا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور کانٹینٹ کریئیٹر کیا، تاہم ان کا اصل خواب اداکاری تھا۔ اسی مقصد کے لیے وہ ممبئی منتقل ہوئیں، جہاں ایک پروڈکشن ہاؤس میں تین برس تک تربیت حاصل کی۔ ان کا تھیٹر سے بھی تعلق رہا ہے اور وہ فلم اسکول سے تعلیم یافتہ ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بالی ووڈ میں نئے فنکار کے طور پر جگہ بنانا آسان نہیں تھا۔ انہیں خواتین کے لیے مقرر کیے گئے خوبصورتی اور رنگت کے مخصوص معیارات پسند نہیں آئے، جس کے بعد انہوں نے ہندی فلموں کے بجائے جنوبی بھارتی فلموں میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔
نِہاریکا نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے ہدایت کار کارتک سبھاراج کے پروڈکشن ہاؤس اسٹون بینچ فلمز کے ساتھ تین فلموں کا معاہدہ کیا۔ اس معاہدے کے باعث انہیں جنوبی بھارت کی کئی کامیاب فلموں کی پیشکش مسترد کرنا پڑی، جسے وہ آج بھی اپنے کیریئر کی بڑی محرومیوں میں شمار کرتی ہیں۔
انہوں نے ایک اور اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ایک معروف ہدایت کار نے انہیں اپنی فلم کے لیے منتخب کیا تھا، آڈیشن اور لک ٹیسٹ بھی مکمل ہو چکا تھا، یہاں تک کہ معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے تھے۔ تاہم معاہدے میں انٹیمیسی کلاز شامل تھا۔
نِہاریکا کے مطابق انہوں نے پروڈکشن ٹیم کو واضح کر دیا تھا کہ وہ آن اسکرین انٹیمیٹ سین کرنے میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتیں۔ ابتدا میں فلم ساز باڈی ڈبل کے ذریعے یہ سین فلمانے پر رضامند تھے، لیکن مرکزی اداکار نے باڈی ڈبل کے ساتھ سین کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد انہیں دو ٹوک پیغام دیا گیا کہ یا تو وہ خود انٹیمیٹ سین کریں یا فلم چھوڑ دیں۔ انہوں نے اپنی ذاتی حدود اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے نتیجے میں انہیں اس فلم سے دستبردار ہونا پڑا۔
نِہاریکا این ایم نے گزشتہ برس تامل فلم پیرُسو سے جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا، جس کے بعد متھرا منڈلی اور ہردیم مرلی جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ وہ 2023 میں امریکی اینی میٹڈ سیریز بگ ماؤتھ کے ساتویں سیزن میں بطور گیسٹ وائس آرٹسٹ بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔











