اہم ترین

ہیپی میریج بن گئی ایپی میریج: جاپان میں اے آئی ایپ سے سیکڑوں جوڑوں کی شادیاں

جاپان میں کم ہوتی شرحِ پیدائش کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والی ڈیٹنگ ایپ نے حیران کن نتائج دینا شروع کر دیے ہیں، جہاں اس پلیٹ فارم کے ذریعے ملنے والے 265 جوڑوں نے شادی کر لی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹوکیو حکومت نے ٹوکیو اینموسوبی نامی اے آئی ڈیٹنگ ایپ ستمبر 2024 میں شروع کی تھی۔ اس اقدام کا مقصد ایسے افراد کو شادی کے لیے مواقع فراہم کرنا تھا جو رشتے کی تلاش میں دلچسپی تو رکھتے ہیں لیکن عملی طور پر میچ میکنگ کے عمل میں شامل نہیں ہو رہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 30 جون 2026 تک اس ایپ پر تقریباً 16 ہزار افراد رجسٹرڈ تھے، جبکہ ابتدائی طور پر تقریباً 36 ہزار افراد نے درخواست دی تھی۔ سخت جانچ کے بعد منتخب کیے گئے صارفین میں سے 760 جوڑے سنجیدہ تعلقات میں شامل ہوئے، جن میں سے 265 جوڑوں نے شادی کر لی۔

ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے کچھ شرائط بھی رکھی گئی تھیں۔ رجسٹریشن کے لیے افراد کو قانونی طور پر غیر شادی شدہ ہونے کا ثبوت دینا پڑتا تھا اور آن لائن انٹرویو سمیت دیگر مراحل سے گزرنا ہوتا تھا، تاکہ صرف شادی کے خواہش مند افراد ہی پلیٹ فارم کا حصہ بنیں۔

ٹرٹل کا فرضی نام بتانے والی خاتون نے کہا کہ انہوں نے 40 سال کی عمر کے قریب پہنچنے پر اس ایپ کو آخری موقع کے طور پر آزمایا۔ ان کے مطابق کئی بلائنڈ ڈیٹس کے بعد انہیں اگست کے آخر میں اپنے موجودہ شوہر ملے، ستمبر میں ان کا تعلق سنجیدہ ہوا اور دسمبر کے آخر میں انہوں نے شادی کی پیشکش قبول کر لی۔

ایک اور صارف اسکائی ٹری نے بتایا کہ اے آئی نے ممکنہ ساتھیوں کے ساتھ مطابقت کو تین مراحل میں ظاہر کیا، جس سے کسی سے ملاقات کا فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی۔ ان کے مطابق ان کی گرل فرینڈ کے ساتھ اے آئی مطابقت کی درجہ بندی بہترین تھی۔

جاپان اس وقت دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں شرحِ پیدائش میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں جاپانی شہریوں میں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد مزید کم ہو کر 6 لاکھ 71 ہزار 236 رہ گئی، جو مسلسل دسویں سال کمی کا ریکارڈ ہے۔

پاکستان