اہم ترین

بحرین میں خلیجی ممالک کی مشترکہ فوجی مشقیں، دفاعی تعاون پر زور

بحرین میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کی مسلح افواج نے مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کردیا ہے، جن کا مقصد خطے میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر جنگی تیاری اور باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

بحرین ڈیفنس فورس کے مطابق “بحرین شیلڈ” کے نام سے جاری یہ مشقیں 28 سے 30 جولائی تک جاری رہیں گی، جن میں خلیجی ممالک کی افواج حصہ لے رہی ہیں۔

بحرین کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ذیاب بن صقر النعیمی نے کہا کہ ان مشقوں کا مقصد عسکری تیاریوں میں اضافہ، آپریشنل منصوبہ بندی کو بہتر بنانا اور خلیجی افواج کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک کی افواج کی مشترکہ شرکت ایک ایسی مضبوط خلیجی دفاعی قوت کی عکاسی کرتی ہے جو مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل النعیمی کے مطابق خطے میں حالیہ پرتشدد واقعات نے مشترکہ دفاعی تعاون کی ضرورت کو مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ خلیجی ممالک اپنی مشترکہ فوجی صلاحیتوں کو مزید فروغ دیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے مقابلے کے لیے متحد رہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مشقیں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہے اور خلیجی ممالک دفاعی رابطوں اور مشترکہ حکمت عملی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔

پاکستان