اہم ترین

ٹیلیگرام کے سی ای او پر دہشت گردی میں معاونت کا الزام : گرفتاری کے لئے کارروائی شروع

روسی وفاقی سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے مطابق پاویل دوروف کو بین الاقوامی سطح پر مطلوب قرار دینے کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

روسی حکام کا دعویٰ ہے کہ ٹیلیگرام کو یوکرین کی سیکیورٹی سروسز نے مبینہ طور پر روسی شہریوں کی بھرتی اور تخریبی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا، جبکہ کمپنی نے مبینہ طور پر ممنوعہ مواد ہٹانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے۔

تاہم روسی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ دوروف کے خلاف کس نوعیت کا بین الاقوامی وارنٹ جاری کیا گیا ہے یا دیگر ممالک اس پر عمل درآمد کریں گے یا نہیں۔

روس میں پیدا ہونے والے 41 سالہ پاویل دوروفکئی برسوں سے ملک سے باہر مقیم ہیں۔۔ ان کے پاس فرانس اور متحدہ عرب امارات کی شہریت بھی ہے۔ وہ ماضی میں بھی روسی حکام کے ساتھ آزادیٔ اظہار، صارفین کے ڈیٹا اور انٹرنیٹ پر حکومتی کنٹرول کے معاملات پر اختلافات رکھتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 2024 میں فرانس میں بھی دوروف کو غیر قانونی مواد کی اشاعت سے متعلق الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا اور سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد وہ فرانس چھوڑ گئے تھے۔

پاویل دوروف نے ماضی میں روس کے سرکاری حمایت یافتہ میسجنگ پلیٹ فارم میکس کو ریاستی نگرانی اور سیاسی سنسرشپ کے لیے تیار کی گئی ایپ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

پاکستان