اہم ترین

فیلڈ مارشل واضح کر چکے وہ جمہوری نظام ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے: محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت ہر صورت مکمل کرے گی۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے امریکہ کے ساتھ تعلقات چاہے جتنے بھی مضبوط ہو جائیں، اگر ملک کا نظام درست نہیں ہوگا تو ان تعلقات کا مکمل فائدہ حاصل نہیں کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل متعدد مواقع پر واضح کر چکے ہیں کہ وہ جمہوری نظام کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صرف مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ ان کی ذاتی رائے میں پاکستان تحریک انصاف کو بھی ملک کے نظام کی بہتری کے لیے ساتھ آنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت ہر صورت مکمل کرے گی، جبکہ وہ صدارتی نظام کی حمایت کر رہے ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات کر رہے ہیں۔

کشمیر سے متعلق امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے معاملات آزاد کشمیر کی حکومت دیکھ رہی ہے اور اس میں ان کا کوئی کردار نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ ہی رہیں گے۔ انہیں خارجہ امور کا قلمدان نہیں دیا جارہا۔

پاکستان