اہم ترین

اچھی نیند دماغ کے ساتھ دل بھی صحت مند رکھتی ہے: امریکی ماہرین

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دل کو صحت مند رکھنے کے لیے متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کے ساتھ ساتھ اچھی اور مکمل نیند بھی بے حد ضروری ہے۔ مسلسل کم نیند لینے سے ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق، مناسب نیند دل کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مکمل نیند کے دوران جسم کو آرام ملتا ہے اور دل بہتر انداز میں اپنی کارکردگی انجام دیتا ہے، جس سے بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے، جسمانی وزن متوازن رکھنے اور خون میں شوگر کی سطح کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اچھی نیند ان عوامل کے خطرے کو بھی کم کرتی ہے جو مستقبل میں دل کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، اسی لیے دل کی صحت کے لیے مناسب نیند کو صحت بخش غذا اور جسمانی سرگرمی جتنا ہی اہم سمجھا جاتا ہے۔

کتنی نیند ضروری ہے؟

سی ڈی سی کی سفارش کے مطابق بالغ افراد کو روزانہ کم از کم سات گھنٹے کی نیند لینی چاہیے۔ اگر کوئی شخص طویل عرصے تک سات گھنٹے سے کم سوتا ہے تو اسے دل سے متعلق مختلف بیماریوں کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ سونے اور جاگنے کا وقت تقریباً یکساں رکھنے سے جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی (باڈی کلاک ) متوازن رہتی ہے، جس کے مثبت اثرات دل کی صحت پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

بہتر نیند کے لیے احتیاطی تدابیر

ماہرین کے مطابق اچھی نیند کے لیے سونے کا ماحول پرسکون، صاف اور آرام دہ ہونا چاہیے۔ سونے سے پہلے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور ٹی وی کا استعمال محدود کریں، جبکہ شام کے وقت چائے، کافی اور دیگر کیفین والے مشروبات سے پرہیز کریں۔

اس کے علاوہ رات کو ہلکی غذا کھائیں اور دن میں مناسب جسمانی سرگرمی یا ورزش کو معمول بنائیں، کیونکہ اس سے رات کو بہتر نیند آنے میں مدد ملتی ہے۔ اگر کسی شخص کو طویل عرصے سے بے خوابی یا بار بار نیند ٹوٹنے کی شکایت ہو تو اسے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

پاکستان