اہم ترین

امریکا میں اسکول میں فائرنگ کرنے والے بچے کا باپ قصور وار قرار، 15 سال قید کی سزا

امریکا کی ایک عدالت نے جارجیا کے اسکول فائرنگ کیس میں ایک غیر معمولی فیصلے کے تحت 55 سالہ کولن گرے کو 15 سال قید کی سزا سنا دی۔ انہیں اپنے کم عمر بیٹے کی جانب سے کی گئی فائرنگ میں غفلت اور مجرمانہ ذمہ داری ثابت ہونے پر سزا دی گئی۔

کولن گرے کے 16 سالہ بیٹے کولٹ گرے نے ستمبر 2024 میں ریاست جارجیا کے شہر ونڈر میں واقع اپالاچی ہائی اسکول میں فائرنگ کر کے دو طلبہ اور دو اساتذہ کو قتل جبکہ نو افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ کولٹ گرے جرم قبول کر چکا ہے اور اسے رواں ہفتے بغیر پیرول عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

عدالتی کارروائی میں ثابت ہوا کہ کولن گرے نے اپنے بیٹے کو 2023 میں کرسمس کے تحفے کے طور پر اے آر-15 طرز کی رائفل دی تھی، حالانکہ انہیں پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا کہ ان کا بیٹا اسکول میں فائرنگ کی دھمکیاں دے چکا ہے۔

سزا سناتے ہوئے جج نکولس پرِم نے کہا کہ ملزم ایک والد کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا۔ جج کے مطابق متعدد واضح انتباہات کے باوجود اس نے نہ تو اپنے بیٹے کے لیے مناسب مدد حاصل کی اور نہ ہی اسے اسلحے تک رسائی سے روکا، جس کے نتیجے میں یہ المناک واقعہ پیش آیا۔

جیوری نے مارچ میں کولن گرے کو سیکنڈ ڈگری قتل، غیر ارادی قتل اور دیگر الزامات میں قصوروار قرار دیا تھا۔

امریکا میں اسکولوں میں فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میں والدین کی قانونی ذمہ داری پر بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔ کولن گرے کو ایسے واقعے میں اپنے بچے کی فائرنگ کے نتیجے میں قتل کے الزام میں سزا پانے والا پہلا امریکی والد قرار دیا جا رہا ہے، جسے اس حوالے سے ایک تاریخی عدالتی فیصلہ تصور کیا جا رہا ہے

پاکستان