اہم ترین

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم میں پھر اختلافات: الزاری کا ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی پر الزام

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر الزاری جوزف نے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی پر ان کے بارے میں غلط بیانی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کے سامنے حقیقت کے برعکس مؤقف پیش کر رہے ہیں۔

یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب ڈیرن سیمی نے پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں کہا کہ الزاری جوزف کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے منتخب کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے خود ٹیم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔

اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے الزاری جوزف نے کہا کہ انہوں نے سلیکشن مسترد نہیں کی بلکہ وہ ذاتی وجوہات اور مکمل فٹنس نہ ہونے کے باعث دستیاب نہیں تھے۔ ان کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے پہلے ہی ہیڈ کوچ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کو آگاہ کر دیا تھا۔

ایک اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جوزف نے کہا کہ وہ دوسری مرتبہ اسٹریس فریکچر سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور تقریباً ایک سال تک بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود جانتے تھے کہ ان کا جسم ابھی ایک اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار نہیں، اس لیے ڈیرن سیمی کا بیان حقیقت کے مطابق نہیں۔

جوزف نے مزید کہا کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں بھی ان کی عدم دستیابی کی وجہ ذاتی وجوہات بتائی گئی تھی، اس لیے کوچ اس معاملے کی حقیقت سے بخوبی آگاہ تھے۔

الزاری جوزف اس سے قبل بھی نظم و ضبط سے متعلق تنازعات کا حصہ رہ چکے ہیں۔ 2024 میں انگلینڈ کے خلاف ایک ایک روزہ میچ کے دوران کپتان شائے ہوپ سے اختلاف کے بعد وہ دورانِ میچ میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے، جس پر ویسٹ انڈیز کو کچھ وقت کے لیے دس کھلاڑیوں کے ساتھ فیلڈنگ کرنا پڑی۔ اس واقعے کے بعد کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ان پر دو میچوں کی پابندی بھی عائد کی تھی۔

تازہ تنازع نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ میں اندرونی اختلافات کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے، جبکہ تاحال ڈیرن سیمی نے الزاری جوزف کے نئے الزامات پر کوئی مزید ردعمل نہیں دیا۔

پاکستان