اہم ترین

فیفا نے فٹبال ایونٹس میں نجی سرمایہ کاری کا متنازع منصوبہ واپس لے لیا

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے شدید عالمی مخالفت کے بعد ورلڈ کپ اور دیگر بڑے ٹورنامنٹس میں نجی سرمایہ کاری کی اجازت دینے کا متنازع منصوبہ واپس لینے کا اعلان کر دیا۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اپنے بیان میں کہا کہ تنظیم کا مقصد ہمیشہ عالمی فٹبال کو متحد اور مضبوط بنانا رہا ہے، تاہم مختلف فریقوں کی آراء سننے کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ اس تجویز نے فٹبال برادری میں گہری تقسیم پیدا کر دی ہے، اس لیے منصوبے پر مزید پیش رفت نہیں کی جائے گی۔

فیفا نے رواں ہفتے فیفا فارورڈ انٹرپرائز (ایف ایف ای) کے نام سے ایک نئی تجارتی ذیلی کمپنی بنانے کی تجویز پیش کی تھی، جو ورلڈ کپ، کلب ورلڈ کپ اور دیگر بڑے ایونٹس کے تجارتی امور سنبھالتی۔ اس منصوبے کے تحت نجی سرمایہ کاروں کو محدود حصہ داری دینے کی تجویز تھی، جس سے تقریباً 4.2 ارب ڈالر حاصل ہونے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔

فیفا کا کہنا تھا کہ اگر منصوبہ منظور ہو جاتا تو اس کی 211 رکن فٹبال ایسوسی ایشنز میں سے ہر ایک کو 2027 کے آغاز میں 2 کروڑ ڈالر کی ایک مرتبہ ادائیگی کی جاتی، جبکہ 2027 سے 2030 کے مالیاتی دورانیے میں ترقیاتی فنڈ بھی 80 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر 2 کروڑ ڈالر کر دیا جاتا۔

تاہم اس تجویز کو سامنے آتے ہی سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ یورپی فٹبال تنظیم (یوئیفا) نے خبردار کیا کہ جب تک یہ منصوبہ زیر غور رہے گا، اس کے رکن ممالک فیفا کے مقابلوں میں حصہ نہیں لیں گے۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) اور کونکاکاف نے بھی اس تجویز کو مسترد کر دیا۔

اس منصوبے کو اس وقت مزید دھچکا لگا جب فیفا کے سینئر مشیر کارلوس کورڈیرو نے استعفیٰ دیتے ہوئے اسے رکن ایسوسی ایشنز، عالمی فٹبال اور کھیل کے مستقبل کے لیے “ایک برا سودا” قرار دیا۔

شدید مخالفت کے بعد فیفا نے بالآخر منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز صرف اسی صورت آگے بڑھنی تھی جب اسے وسیع اکثریت کی حمایت حاصل ہوتی، لیکن موجودہ حالات میں اس پر عمل درآمد فٹبال کے مفاد میں نہیں۔

پاکستان