اہم ترین

سری لنکا کی مہارا جیل میں ہنگامہ آرائی، فوج اور اسپیشل فورسز تعینات

سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے نواح میں واقع مہارا جیل میں قیدیوں کے ہنگامے کے بعد حکومت نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے سیکڑوں فوجیوں اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کے کمانڈوز تعینات کر دیے۔

پولیس کے مطابق ہفتے کے روز پیش آنے والے ہنگامے میں ایک قیدی ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوئے۔ مشتعل قیدیوں نے جیل کے اندر متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچایا، جن میں کچن، اسپتال، نئی تعمیر شدہ بحالی مرکز اور پیشہ ورانہ تربیتی سہولیات شامل ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سنجیوا میداواتے نے بتایا کہ اضافی سکیورٹی اہلکاروں کی مدد سے صورتحال کو قابو میں کر لیا گیا ہے اور قیدیوں کو دوبارہ ان کی بیرکوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ مہارا جیل تشدد کا مرکز بنی ہو۔ نومبر 2020 میں بھی اسی جیل میں ہونے والے ہنگامے کے دوران 11 قیدی ہلاک اور تقریباً 120 زخمی ہوئے تھے، جبکہ گزشتہ ماہ اسی علاقے کی ایک اور جیل میں ہونے والے فساد میں 10 جیل اہلکار اور 21 قیدی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

حکام کے مطابق مہارا جیل میں تقریباً 4100 قیدی موجود ہیں، حالانکہ اس کی گنجائش اس سے تقریباً چار گنا کم ہے، جبکہ ملک بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھے جانے کا مسئلہ درپیش ہے۔

سری لنکن حکومت نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ جیلوں میں بڑھتی ہوئی بھیڑ کم کرنے کے لیے غیر استعمال شدہ سرکاری عمارتوں کو جیلوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ملک کی جیلوں میں موجود تین چوتھائی سے زائد قیدی زیرِ سماعت ہیں اور ان میں سے بیشتر منشیات سے متعلق مقدمات میں گرفتار ہیں۔

پاکستان