وفاقی ادارہ شماریات نے جولائی 2026 کی ماہانہ مہنگائی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ملک میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد تھی، جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ شرح 4.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں شہری علاقوں میں سالانہ مہنگائی کی شرح 8.7 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 9.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 117 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جبکہ تازہ سبزیاں 22 فیصد، آلو 21.5 فیصد اور پیاز 20 فیصد مہنگے ہوئے۔
اسی عرصے میں مرغی کی قیمت 19 فیصد، انڈے 14.3 فیصد، گندم 7.4 فیصد اور چائے 3.5 فیصد مہنگی ہو گئی۔ علاوہ ازیں تازہ پھل 5.5 فیصد، دال مونگ 3.4 فیصد اور دال ماش 2.3 فیصد مہنگی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق موٹر وہیکل ٹیکس میں 38.7 فیصد جبکہ مواصلاتی خدمات کی قیمتوں میں 19.3 فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، جس سے عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھ گیا۔










