مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے اپنی اے آئی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی نے گوگل ڈیپ مائنڈ کے شریک بانی اور نوبیل انعام یافتہ سائنس دان ڈیمس ہاسابِس کو الفابیٹ کا چیف سائنٹسٹ مقرر کر دیا ہے۔
الفابیٹ کے مطابق ہاسابِس اب روزمرہ انتظامی امور سے ہٹ کر مصنوعی ذہانت کی طویل المدتی حکمت عملی، سائنسی تحقیق اور طبی شعبے میں اے آئی کے استعمال پر توجہ دیں گے۔ وہ ڈیپ مائنڈ کے چیئرمین کی ذمہ داریاں بھی برقرار رکھیں گے۔
اسی تنظیمی ردوبدل کے تحت ڈیپ مائنڈ کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر کورے کاوکچو اوغلو کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے، جو گوگل کے جدید جیمنئی اے آئی ماڈلز اور مستقبل کی مصنوعات کی نگرانی کریں گے۔
گوگل کے سینئر انجینیئر جیف ڈین نے تقریباً تیس برس بعد کمپنی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی ان کے آئندہ سفر میں مکمل تعاون کرے گی۔
یہ تبدیلیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گوگل کو اوپن اے آئی، مائیکروسافٹ، میٹا، اینتھروپک اور چینی اے آئی کمپنیوں سے سخت مسابقت کا سامنا ہے، جبکہ ٹیکنالوجی کی دنیا گوگل کے نئے جیمنئی 3.5 پرو ماڈل کی متوقع لانچ کا بھی انتظار کر رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ انتظامی تبدیلیاں مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں گوگل کی آئندہ حکمت عملی کو مزید واضح کریں گی۔











