اہم ترین

تھائی لینڈ میں 14 سالہ لڑکے کی فائرنگ سے دادا دادی سمیت 7 افراد ہلاک، 30 سے زائد زخمی

تھائی لینڈ کے صوبے نونتھابوری میں ایک 14 سالہ طالب علم نے مبینہ طور پر پہلے اپنے دادا اور دادی کو گولی مار کر قتل کیا، جس کے بعد وہ اپنے اسکول پہنچا اور فائرنگ کر کے اسکول کے پانچ ملازمین کو ہلاک کر دیا۔ واقعے کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی اور بعد ازاں دم توڑ گیا۔

تھائی لینڈ پولیس کے مطابق حملہ آور نے اپنے دادا کے قانونی لائسنس یافتہ پستول سے واردات انجام دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس، امدادی ٹیمیں اور فرانزک ماہرین نے اسکول کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا، جبکہ طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے دوران طلبہ خوفزدہ ہو کر کلاس رومز سے باہر نکل آئے، جن میں سے بعض گھبراہٹ کے باعث جوتے تک پہننے کا موقع نہ پا سکے۔

تھائی وزیراعظم انوتن چرنویراکول نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم شدید ذہنی دباؤ اور تعلیمی مسائل کا شکار تھا، جبکہ اس کے قریبی ساتھیوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ حملے کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔

کلاس کے ایک طالب علم نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور کو خاموش مزاج اور مسائل کا شکار سمجھا جاتا تھا۔ اس کے بقول بعض طلبہ اسے تنگ بھی کرتے تھے، جبکہ اسے اسلحے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے غیر معمولی دلچسپی تھی۔

تھائی وزیر تعلیم نے متاثرہ طلبہ اور عملے کے لیے نفسیاتی معاونت فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تھائی لینڈ میں اسلحے کی ملکیت کی شرح خطے کے کئی ممالک سے زیادہ ہے۔ اندازوں کے مطابق ملک میں تقریباً ایک کروڑ آتشیں اسلحہ موجود ہے، اور ماضی میں بھی اسکولوں سمیت مختلف مقامات پر فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث اسلحہ قوانین کو مزید سخت بنانے کے مطالبات دوبارہ زور پکڑ رہے ہیں۔

پاکستان