اہم ترین

آزاد کشمیر انتخابات: 7 حلقوں پر پولنگ ملتوی

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے راولاکوٹ اور پلندری کے مجموعی طور پر سات انتخابی حلقوں میں انتخابات ملتوی کر دیے ہیں، جبکہ چار حلقوں میں ووٹنگ مقررہ تاریخ 10 اگست کو ہی منعقد ہوگی۔

جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں سے انتخابات مؤخر کرنے کے حوالے سے متعدد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ ان درخواستوں اور متعلقہ اداروں سے حاصل کردہ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بعض حلقوں میں پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ دیگر حلقوں میں انتخابی سرگرمیاں پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 10 اگست کو انجام پائیں گی۔

الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں آزاد، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام فیصلے عوامی مفاد اور انتخابی عمل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے پیش نظر کیے جا رہے ہیں۔

کمیشن نے ووٹرز، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ضابطۂ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں اور پرامن و منظم انتخابی عمل کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 3 مراحل میں ہونا تھے۔ پہلے مرحلے میں 13 نشستوں جب کہ دوسرے مرحلے میں 18 انتخابی حلقوں پر پولنگ ہوئی۔

پاکستان