جاپان میں ایشین گیمز 2026 کی مشعل روشن کردی گئی، جس کے ساتھ ہی ایشیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے میلے کی الٹی گنتی کا آغاز ہوگیا۔
ٹوکیو کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاپانی ایتھلیٹ یوشی ہیدے کیریو نے مشعل روشن کی۔ ایشین گیمز کا 20واں ایڈیشن 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ناگویا اور ایچی ریجن میں منعقد ہوگا۔
مشعل جمعرات کو ہیروشیما پہنچائی جائے گی، جہاں ایک اور تقریب کے بعد دونوں شعلے ہفتے کو ناگویا میں یکجا ہوں گے اور مشعل ریلے کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
منتظمین کے مطابق ایشین گیمز میں تقریباً 15 ہزار کھلاڑی اور حکام شرکت کریں گے، جو کئی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
جاپانی اسپرنٹر یوشی ہیدے کیریو نے کہا کہ شائقین کی براہِ راست حوصلہ افزائی کھلاڑیوں کو طاقت دیتی ہے اور ٹی وی پر مقابلے دیکھنے کے مقابلے میں اسٹیڈیم میں کھیلوں کا تجربہ بالکل مختلف ہوتا ہے۔
ایونٹ میں فلپائن کی ٹینس اسٹار الیگزینڈرا ایالا سمیت بھارت کے 15 سالہ کرکٹر وائبھو سوریہ ونشی اور چین کی 13 سالہ تیراک یو زیدی بھی ایکشن میں ہوں گے۔











