اہم ترین

ٹرمپ کی سایہ بن کر رہنے والی نتالی ہارپ اچانک خبروں میں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتہائی قریبی اور وفادار معاون نتالی ہارپ طویل عرصے تک پسِ پردہ رہنے کے بعد اچانک عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ 35 سالہ ہارپ حالیہ دنوں میں اس وقت نمایاں ہوئیں جب رپورٹس سامنے آئیں کہ ترکیے میں ایک مبینہ سکیورٹی خطرے کے دوران وہ ان چند افراد میں شامل تھیں جنہوں نے ٹرمپ کے ساتھ خفیہ طور پر طیارہ تبدیل کیا۔

اے ایف پی کے مطابق نتالی ہارپ طویل عرصے سے ٹرمپ کے انتہائی قریب رہنے والی معاون ہیں اور اکثر انہیں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس سے لے کر صدارتی ہیلی کاپٹر میرین ون اور صدارتی طیارے تک صدر کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔

نٹالی ہارپ کو ان کے اس کردار کی وجہ سے ہیومن پرنٹر بھی کہا جاتا ہے کہ وہ ایک پورٹیبل پرنٹر اپنے ساتھ رکھتی ہیں اور ٹرمپ کی طلب کردہ دستاویزات فوری طور پر پرنٹ کر کے فراہم کرتی ہیں۔

تاہم ان کا کردار محض دستاویزات پرنٹ کرنے تک محدود نہیں۔ رپورٹس کے مطابق ہارپ صدر تک پہنچنے والی معلومات میں ایک اہم گیٹ کیپر کا کردار ادا کرتی ہیں اور بعض اوقات ٹرمپ کی توجہ سوشل میڈیا پر دائیں بازو کے مواد کی جانب مبذول کراتی ہیں۔

وہ ان محدود سرکاری اہلکاروں میں بھی شامل ہیں جنہیں ٹرمپ کے ٹروتھ سوشل اکاؤنٹ تک براہِ راست رسائی حاصل ہے۔ 2024 کی انتخابی مہم پر بننے والی دستاویزی فلم آرٹ آف دی سرج کی فوٹیج کے مطابق ٹرمپ جو کچھ لکھوانا چاہتے ہیں، ہارپ اسے ٹائپ کرتی ہیں اور ان کی مخصوص اندازِ تحریر، حتیٰ کہ بڑے حروف کے استعمال کو بھی برقرار رکھتی ہیں۔

ٹرمپ کے لیے غیر معمولی اہمیت

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ ہارپ کو انتہائی قیمتی معاون سمجھتے ہیں، جس کے باعث وہ تقریباً ہر جگہ صدر کے ہمراہ نظر آتی ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے صحافیوں میگی ہیبرمین اور جوناتھن سوان کی کتاب رجیم چینج کے مطابق ٹرمپ نے اپنی معاون کے بارے میں کہا تھا کہ باقی لوگ جا کر پیسہ کمائیں گے، لیکن ہارپ انہیں کبھی نہیں چھوڑیں گی۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ہارپ ان کی اہلیہ اور بچوں کی طرح ان سے محبت کرتی ہیں۔

ہارپ کی صدر سے غیر معمولی وابستگی نے بھی بعض حلقوں میں سوالات اٹھائے ہیں۔ اسی کتاب کے مطابق انہوں نے ٹرمپ کو ایک نوٹ میں لکھا تھا کہ آپ ہی میرے لیے سب کچھ ہیں۔

ایک اور واقعے میں، جب اسکاٹ لینڈ میں ٹرمپ کے گالف کارٹ کے پیچھے دوڑتی ہوئی ہارپ کی ویڈیو سامنے آئی تو انہوں نے مبینہ طور پر معذرت کرتے ہوئے خود کو شرمندگی قرار دیا اور خط کے اختتام پر پورے دل کے ساتھ، نٹالی لکھا۔

امریکی ٹی وی سی این این کی 2023 میں رپورٹ کے مطابق نیویارک کی عدالت میں ٹرمپ کے ساتھ جانے کے لیے موٹرکیڈ میں جگہ نہ ہونے پر ہارپ نے مبینہ طور پر ایک ایس یو وی کی ڈگی میں سفر کرنے پر بھی اصرار کیا تھا۔

ڈیموکریٹ امیدوار کے بیان سے تنازع

حالیہ دنوں میں ڈیموکریٹ سینیٹ امیدوار جون اوسوف کے ایک بیان نے ہارپ کو مزید خبروں میں لا کھڑا کیا۔ اوسوف نے ایک تقریر میں ٹرمپ کے مجوزہ بال روم اور قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے صدارتی طیارے کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ کے نٹالی کے ساتھ سفر کا حوالہ دیا۔

اوسوف کے بیان پر وائٹ ہاؤس اور ٹرمپ کے حامی حلقوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان ڈیوس انگل نے ہارپ کا دفاع کرتے ہوئے انہیں صدر ٹرمپ کی ٹیم کی ’’انتہائی وفادار اور محنتی معاونین میں سے ایک‘‘ قرار دیا اور میڈیا کو سیاسی تنقید کے بجائے حقیقی خبروں پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔

ٹرمپ نے بھی ہارپ سے متعلق ایک سوال کا براہِ راست جواب دینے کے بجائے اوسوف پر طنز کیا، جبکہ وائٹ ہاؤس نے سوال پوچھنے والی سی این این رپورٹر کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

کینسر سے جنگ اور ٹرمپ سے وابستگی

نتالی ہارپ کی ٹرمپ سے گہری وابستگی کی ایک بڑی وجہ ان کی اپنی زندگی سے متعلق ایک اہم واقعہ بھی بتایا جاتا ہے۔ ہارپ کا کہنا ہے کہ انہیں ہڈیوں کا مہلک کینسر لاحق تھا، تاہم تجرباتی ادویات کے ذریعے ان کا علاج ممکن ہوا اور وہ صحت یاب ہوئیں۔

ہارپ کے مطابق یہ ادویات ایک ایسے پروگرام کے تحت دستیاب ہوئیں جو ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اسی وجہ سے وہ ٹرمپ کو اپنی زندگی بچانے والا محسن سمجھتی ہیں۔

ان کے الگ رہنے والے بھائی پریسٹن نے سی این این کو بتایا کہ ان کے خیال میں ہارپ کی ٹرمپ سے غیر معمولی وابستگی کسی جسمانی کشش کے بجائے اس یقین سے پیدا ہوئی کہ ٹرمپ نے ان کی جان بچائی۔

ہارپ ماضی میں ریپبلکن پارٹی سے وابستہ تقریبات میں اپنی بیماری اور صحت یابی کی کہانی بیان کرتی رہی ہیں۔ 2018 میں فیتھ اینڈ فریڈم کولیشن کے ایک پروگرام میں ٹرمپ کے ساتھ اسٹیج پر انہوں نے انہیں اپنا محسن قرار دیا تھا۔

سال 2020 کے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں بھی ہارپ نے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ نہ ہوتے تو وہ آج زندہ نہ ہوتیں۔

حالیہ سکیورٹی واقعے کے دوران ٹرمپ کے ساتھ خفیہ طیارہ تبدیل کرنے والے محدود افراد میں ہارپ کی موجودگی نے ان کے کردار اور صدر تک ان کی غیر معمولی رسائی کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا موضوع بنا دیا ہے

پاکستان