مصباح ارشد نے مس یونیورس پاکستان کا تاج اپنے نام کرلیا اور وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والی چوتھی پاکستانی بن گئی ہیں۔ ان کا انتخاب ایک سخت مقابلے کے بعد ہوا، جس کا اعلان فلپائن میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا گیا۔
تقریب میں مس یونیورس پاکستان فرنچائز کے مالک جوش یوگن نے مصباح ارشد کو سیش پہنایا، جبکہ ان کی پیش رو روما ریاض نے انہیں تاج پہنایا۔ مس یونیورس پاکستان کی تنظیم نے تاج پوشی کے اس لمحے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کی۔
تاج پوشی کے موقع پر مصباح ارشد نے سفید رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا، جس کے کرسٹل سے مزین باڈی کو ویتنامی ڈیزائنر نگوین تیئن ٹرین نے تیار کیا تھا۔
مقابلہ حسن کے دوران سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے زندگی کو ایک خوبصورت چکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے صرف قبول نہیں بلکہ بھرپور انداز میں جینا چاہیے۔ ان کے مطابق، جتنی تیز آگ ہوگی، سونا اتنا ہی خالص ہوگا۔
مصباح ارشد نفسیات کی طالبہ ہیں اور انہیں مقابلۂ حسن کا تجربہ بھی حاصل ہے۔ وہ مس انٹرنیشنل 2023 میں جاپان جبکہ مس سپرا نیشنل 2024 میں پولینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
مس یونیورس پاکستان کا تاج حاصل کرنے کے بعد اب وہ پورٹو ریکو کا رخ کریں گی، جہاں مس یونیورس کے 75ویں ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
اپنی کامیابی پر جاری پیغام میں مصباح ارشد نے کہا کہ ناکامی اس بات کا تعین نہیں کرتی کہ کوئی شخص فاتح ہے یا نہیں، بلکہ اصل کامیابی امید کو زندہ رکھنے، مسلسل کوشش کرنے اور ہر قدم کے ساتھ خود کو بہتر بنانے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے تاج حاصل کرلیا ہے، تاہم ان کے نزدیک ’’اصل انعام‘‘ اس تک پہنچنے کا سفر، اس دوران حاصل ہونے والے اسباق اور ملنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کے سفر میں ساتھ دینے والے تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔










