جایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اس وقت مکمل پیمانے کی معاشی، عسکری اور سکیورٹی جنگ کا سامنا کر رہا ہے، تاہم ملک کی مزاحمت، یکجہتی اور قومی اتحاد نے دنیا کو حیران کیا ہے۔
تہران میں ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے پیزشکیان نے کہا کہ دشمنوں نے جنگ سے قبل اندازہ لگایا تھا کہ ایران امریکی جارحیت کے نتیجے میں تباہ ہو کر وینزویلا جیسی صورتحال سے دوچار ہوجائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ان کے مطابق ایران نے مشکلات کے باوجود اپنی طاقت، مزاحمت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ مخالفین ملک میں مسائل کو استعمال کرکے معاشرے میں تقسیم اور اختلاف پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہر ممکن کوشش کرے گا کہ معاشرے میں انتشار، تنازعات اور باہمی اختلافات کو فروغ نہ ملے۔
پیزشکیان نے ملکی معاشی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کو درپیش مسائل پر شرمندگی ہے، تاہم شدید پابندیوں اور دباؤ کے باوجود عوام کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔











