بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی ازدواجی زندگی گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل خبروں میں ہے۔ طلاق کا مقدمہ واپس لیے جانے اور گووندا کی دوسری شادی کی افواہوں کے درمیان اداکار نے اب اپنی نجی زندگی سے متعلق غیر مصدقہ خبروں کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے عوامی نوٹس جاری کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا کی جانب سے جاری نوٹس میں میڈیا اداروں، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور کانٹینٹ کریئیٹرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان کے یا ان کے خاندان کے بارے میں جھوٹی، توہین آمیز یا غیر مصدقہ معلومات شائع یا شیئر کرنے سے گریز کریں۔
نوٹس میں خاص طور پر اے آئی سے تیار یا تبدیل شدہ تصاویر، ویڈیوز، آڈیو، مورف شدہ تصاویر اور ڈیپ فیک مواد کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ گووندا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ان کی آواز، نام، تصاویر یا خاندان سے متعلق معلومات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر غلط انداز میں استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔
نوٹس کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھارتی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے، جس میں ہتک عزت، شناخت کے غلط استعمال اور سائبر جرائم سے متعلق دفعات شامل ہوسکتی ہیں۔ اداکار نے مبینہ طور پر ذمہ دار افراد سے 100 کروڑ بھارتی روپے تک ہرجانے کا مطالبہ کرنے کا حق بھی محفوظ رکھا ہے۔
دوسری جانب گووندا کی دوسری شادی سے متعلق خبروں کو ان کی جانب سے مسترد کیا جاچکا ہے۔ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے طلاق کا مقدمہ واپس لیے جانے کے بعد بھی دونوں میاں بیوی سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر دونوں کے درمیان اختلافات بھی موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔











