گوگل کے نئے پکسل 11 پرو ایکس ایل نے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی کے بجائے اندرونی بہتری، تیز کیمرا اور نئے مصنوعی ذہانت کے فیچرز پر توجہ دی ہے۔ پہلی نظر میں یہ فون پچھلی نسل کے ماڈل سے زیادہ مختلف دکھائی نہیں دیتا، تاہم نئے رنگوں اور بیک پینل پر موجود چھوٹی ایل ای ڈی لائٹ کے باعث اسے الگ پہچانا جاسکتا ہے۔
فون میں شامل ریمبلر فیچر نمایاں نئی خصوصیت ہے، جو بول کر لکھے جانے والے متن سے غیر ضروری الفاظ جیسے ’’ام‘‘ اور ’’آہ‘‘ ختم کرکے جملوں کو بہتر انداز میں ترتیب دیتا ہے۔ یہ مختلف زبانوں اور شور والے ماحول میں بھی بہتر کارکردگی دکھاتا ہے اور روزمرہ نوٹس، پیغامات اور ای میلز لکھنے میں خاصا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
گوگل نے جیمنائی میں بھی کئی نئی صلاحیتیں شامل کی ہیں۔ پرو ایکٹیو سجیشنز صارف کے پیغامات اور ایپس کے تناظر کو سمجھ کر تجاویز دینے کی کوشش کرتا ہے، جبکہ لائیو ٹرانسلیٹ براہ راست ویڈیوز اور لائیو اسٹریمز کے ترجمے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم کچھ AI فیچرز ابھی مخصوص ممالک تک محدود ہیں۔
کیمرہ پہلے سے زیادہ تیز
پکسل 11 پرو ایکس ایل کے کیمروں میں بڑے سینسرز، نئے پروسیسر اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی بدولت فوٹو کھینچنے کی رفتار بہتر ہوئی ہے۔ نائیٹ سائیڈ بھی تیز کردیا گیا ہے، جس سے کم روشنی میں تصاویر لیتے وقت فون کو زیادہ دیر مستحکم رکھنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
پرو ریس زوم کو بھی بہتر بنایا گیا ہے اور ڈیجیٹل زوم اب 120ایکس تک پہنچ گیا ہے۔ اگرچہ انتہائی زوم پر واضح تصویر لینا اب بھی مشکل ہے، لیکن کم زوم لیول پر نتائج قابلِ استعمال نظر آتے ہیں۔
نیا لُکس فیچر صارف کو تصاویر کے انداز تبدیل کرنے کی سہولت دیتا ہے، جن میں نیچرل، شیڈوز،ونیلا، ایڈیٹوریل، کلاسک، ڈجی، بلیک ٹائی اور مینیمل جیسے آپشنز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میجک کیپچر ویڈیو سے اہم لمحات کو منتخب کرکے انہیں تصاویر کے طور پر محفوظ کرسکتا ہے، جو بچوں، پالتو جانوروں یا کھیلوں کے مناظر کے لیے مفید ہے۔
ہائی لائٹ خوبصورت، مگر محدود
فون کے پچھلے حصے میں موجود نئی ہائی لائٹ ایل ای ڈی مختلف رنگوں میں روشن ہوکر مخصوص اطلاعات دیتی ہے۔ یہ خصوصیت بظاہر دلچسپ ہے، لیکن فی الحال اس کا استعمال محدود ہے۔ یہ منتخب کالز یا جیمنائی کی سرگرمی کے دوران روشنی دیتی ہے، مگر عام ٹیکسٹ یا واٹس ایپ پیغامات کے لیے استعمال نہیں کی جاسکتی۔
قیمت بھی زیادہ
نئے ماڈلز میں گوگل نے 128 جی بی بیس ماڈل ختم کردیا ہے، جبکہ 256 جی بی ورژن کی قیمت گزشتہ سال کے ماڈل کے برابر رکھی گئی ہے لیکن ریم کو 16 جی بی سے کم کرکے 12 جی بی کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب پکسل 11 پرو ایکس ایل کی قیمت گزشتہ نسل کے مقابلے میں 100 ڈالر بڑھ گئی ہے۔
مجموعی طور پر پکسل 11 پرو ایکس ایل ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد فون ہے، خاص طور پر کیمرہ اور ریمبلر جیسے فیچرز اسے پرکشش بناتے ہیں۔ تاہم پکسل 10 پرو ایکس ایل استعمال کرنے والوں کے لیے اپ گریڈ کی اتنی بڑی وجہ موجود نہیں کہ صرف نئے ماڈل کے لیے فوری طور پر فون تبدیل کیا جائے۔











