اہم ترین

ایلون مسک کو بڑا نقصان: ٹیسلا کی 29 لاکھ گاڑیوں میں خرابی کے باعث چین سے واپسی

چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی حفاظت سے متعلق خدشات کے باعث ٹیسلا سمیت متعدد بڑے کار ساز اداروں نے لاکھوں گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان کردیا ہے۔ چینی حکام کے مطابق گاڑیوں کے اندر موجود ایمرجنسی ڈور ہینڈلز حادثے کی صورت میں مسافروں کے بروقت باہر نکلنے میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

چین کی اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن (ایس اے ایم آر) کے مطابق ٹیسلا چین میں مقامی طور پر تیار کی گئی تقریباً 29 لاکھ گاڑیاں واپس منگوا رہی ہے، جن میں ماڈل 3 اور ماڈل وائے شامل ہیں۔ یہ ری کال 25 ستمبر سے شروع ہوگی۔

اس کے علاوہ چین میں درآمد کی گئی تقریباً 46 ہزار ٹیسلا ماڈل 3، ماڈل ایکس اور ماڈل ایس گاڑیاں بھی ری کال کا حصہ ہیں۔

چینی ریگولیٹر کے مطابق متاثرہ گاڑیوں کے اندر موجود ہنگامی مکینیکل ہینڈلز کا رنگ گاڑی کے اندرونی حصے سے ملتا جلتا ہے، جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال میں انہیں تلاش کرنا اور استعمال کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

خاص طور پر شدید حادثے کی صورت میں اگر گاڑی کا کم وولٹیج برقی نظام ناکارہ ہوجائے تو مسافروں کے لیے دروازے فوری طور پر کھول کر باہر نکلنا یا امدادی کارروائیوں کے دوران انہیں نکالنا مشکل ہوسکتا ہے۔

ٹیسلا کے ماڈل 3 میں، مثال کے طور پر، پچھلے دروازے کو دستی طور پر کھولنے کے لیے مسافر کو دروازے کی جیب کے اندر موجود ایک مخصوص حصے تک پہنچ کر ریلیز کیبل تلاش کرنا پڑتی ہے۔

دیگر چینی کمپنیوں کی گاڑیاں بھی ری کال

یہ مسئلہ صرف ٹیسلا تک محدود نہیں۔ چین میں آٹھ دیگر کار ساز کمپنیوں نے بھی اسی نوعیت کے حفاظتی خدشات پر اپنی گاڑیاں واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔

چینی الیکٹرک گاڑیوں کے معروف برانڈز ژیاؤمی، ایکسپینگ، جیلی، چیری اور لیپ موٹر بھی متاثرہ کمپنیوں میں شامل ہیں۔

ژیاؤمی نے اپنی 2024 کی ایس یو 7سیریز کی تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار گاڑیاں ری کال کرنا شروع کی ہیں، جبکہ ایکسپینگ تقریباً 2 لاکھ 65 ہزار گاڑیاں واپس منگوا رہی ہے۔

ریاستی کمپنی بی اے آئی سی کی ذیلی کمپنی بی اے آئی سی بلیو پارک نے تقریباً 46 ہزار آرک فوکس کاؤلا الیکٹرک گاڑیاں واپس منگوانے کا عمل شروع کیا ہے، جبکہ جیلی اپنے لگژری برانڈ زیکر کی تقریباً 92 ہزار گاڑیاں ری کال کر رہی ہے۔

متعلقہ کمپنیاں بعض گاڑیوں میں ایمرجنسی ہینڈلز کے قریب مفت وارننگ لیبل لگانے اور حادثے کے بعد کھڑکیوں کو نیچے کرنے سے متعلق سافٹ ویئر کو ریموٹ طریقے سے اپ گریڈ کرنے جیسے اقدامات کر رہی ہیں۔

چین میں چھپے ہوئے ڈور ہینڈلز پر پابندی کی تیاری

چین میں حالیہ عرصے کے دوران جدید اور ہموار ڈیزائن والی گاڑیوں کے ہینڈلز پر حفاظتی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق چین یکم جنوری 2027 سے گاڑیوں میں مکمل طور پر چھپے ہوئے ڈور ہینڈلز پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

مجوزہ قواعد کے تحت گاڑیوں کے دروازوں میں اندرونی اور بیرونی دونوں جانب مکینیکل ایمرجنسی ریلیز کا انتظام لازمی ہوگا۔

الیکٹرانک ڈور ہینڈلز کو ٹیسلا نے 2012 میں ماڈل S کے ساتھ مقبول بنایا تھا، جس کے بعد چینی الیکٹرک گاڑیوں میں بھی یہ ڈیزائن عام ہوگیا۔ گاڑی کے باڈی میں اندر کی طرف فولڈ ہونے والے یہ ہینڈلز ایروڈائنامکس بہتر کرکے معمولی حد تک توانائی کی بچت میں مدد دیتے ہیں، تاہم حادثے کے بعد ان کی فعالیت پر حفاظتی سوالات اٹھ رہے ہیں ۔

پاکستان