اہم ترین

سلمان خان سے بھتہ طلبی: جعلی واٹس ایپ چیٹ بنا کر گینگسٹر بننے کی کوشش

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو بھتے کے لیے دھمکی دینے کے معاملے میں ممبئی پولیس نے مبینہ جعلی سازش کا انکشاف کردیا۔

پولیس تحقیقات کے مطابق ملزم نے ایک گینگسٹر گروپ کا حصہ ظاہر کرنے کے لیے جعلی شناخت بنائی اور الیکٹرانک طریقے سے فرضی واٹس ایپ چیٹس تیار کیں، جن کے ذریعے سلمان خان کو خوفزدہ کرکے رقم بٹورنے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کو ملزم کے بیانات اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں تضاد ملا، جس کے بعد سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو ملزم نے مبینہ طور پر پوری کہانی خود گھڑنے کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر باندرہ سی فرنٹ کے قریب چھپائے گئے دو موبائل فون برآمد کرلیے، جبکہ گواہوں کی موجودگی میں جعلی واٹس ایپ چیٹس کے اسکرین شاٹس بھی قبضے میں لے لیے گئے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم کو بہار کے سیوان سے فون پے کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار روپے موصول ہوئے، جو اس نے باندرہ میں ایک منی ٹرانسفر ایجنٹ سے نقد رقم کی صورت میں حاصل کیے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتی نیائے سنہتا کی مختلف دفعات اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس اب یہ معلوم کررہی ہے کہ ملزم نے یہ کارروائی اکیلے کی یا اس کے ساتھ کوئی اور شخص بھی ملوث تھا۔

سلمان خان کو اس سے قبل بھی متعدد دھمکیاں مل چکی ہیں۔ 14 اپریل 2024 کو ان کے باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ پر فائرنگ بھی کی گئی تھی۔

پاکستان