اہم ترین

بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے ٹیکنوکریٹ نشست پر منتخب بیرسٹر افتخار گیلانی کو نیا وزیر اعظم منتخب کرلیا۔

وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی رائے شماری میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد خان عباسی کو 14 ووٹ ملے۔

افتخار گیلانی کو مسلم لیگ (ن) کے علاوہ عوامی دستِ بازو اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے بھی ایک، ایک ووٹ ملا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہے۔

وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس دو بجے کے بجائے تین بجے شروع ہوا، جہاں ارکان اسمبلی نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے قائدِ ایوان کا انتخاب کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تاخیر کی بڑی وجہ سابق وزیر اعظم فاروق حیدر کو منانے کی کوششیں تھیں، جو ایک گھنٹے بعد کامیاب ہوئیں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی خود فاروق حیدر کی رہائش گاہ پہنچے اور انہیں آمادہ کیا۔

وزارتِ عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سردار مختار احمد خان نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے۔

بیرسٹر افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

وہ اس سے قبل 2011 میں پہلی بار آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں

پاکستان