اہم ترین

سبھاش گھئی نے برسوں پہلے نشے میں چور سلمان خان سے اپنے جھگڑے کی کہانی بتادی

بالی ووڈ کے معروف فلمساز سُبھاش گھئی نے اداکار سلمان خان کے ساتھ ماضی میں ہونے والے ایک جھگڑے کا انکشاف کیا ہے۔ ان کے مطابق فلم ’یوراج‘ میں ایک ساتھ کام کرنے سے قبل ایک پارٹی کے دوران سلمان خان نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں انہیں گالیاں دیں، جس کے بعد دونوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

سُبھاش گھئی نے بھارتی نیوز ویب سائیٹ ٹائمز ناؤ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ واقعے کے بعد سلمان خان کے والد سلیم خان نے انہیں ڈانٹا اور اگلے روز سلمان کو ان کے گھر معافی مانگنے کے لیے بھیجا۔

گھئی کے مطابق یہ واقعہ یوراج میں دونوں کے ایک ساتھ کام کرنے سے پہلے پیش آیا تھا۔ وہ ایک پارٹی میں موجود تھے جہاں سلمان خان نشے میں تھے اور کچھ ایسی باتیں کہہ رہے تھے جو انہیں نامناسب لگیں۔ انہوں نے انہیں ایسا نہ کہنے کا مشورہ دیا، تاہم سلمان کو کسی پرانی بات پر ان سے ناراضی تھی۔

فلمساز نے بتایا کہ سلمان نے ان سے سوال کیا کہ انہوں نے فلاں فیصلہ کیوں کیا۔ گھئی نے جواب دیا کہ بطور ڈائریکٹر یہ ان کا فیصلہ تھا۔ اس پر سلمان نے انہیں گالیاں دیں۔ گھئی نے اعتراض کیا تو بات بڑھ گئی اور دونوں کے درمیان جھگڑا اور ہاتھا پائی ہوگئی۔

سلیم خان نے سلمان کو ڈانٹا

سُبھاش گھئی کے مطابق، اگلی صبح سلیم خان نے انہیں فون کیا اور بتایا کہ سلمان نے اپنی والدہ کو واقعے کے بارے میں سب کچھ بتا دیا ہے۔ سلیم خان نے سلمان کو ڈانٹا اور پھر انہیں گھئی کے گھر جا کر معافی مانگنے کے لیے کہا۔

انہوں نے بتایا کہ سلمان ان کے گھر آئے اور انتہائی شائستگی سے معافی مانگی۔ ان کے بقول، اس واقعے کے بعد ان کے دل میں سلمان کے لیے احترام بڑھ گیا، کیونکہ وہ اپنے والد کی بہت عزت کرتے تھے۔ انہوں نے معاملہ وہیں ختم کردیا اور دونوں کے درمیان تعلقات بھی معمول پر آگئے۔ اس کے بعد وہ اور سلمان ایک دوسرے کے گھروں میں بھی آنے جانے لگے اور بالآخر دونوں نے فلم ’یوراج‘ میں ایک ساتھ کام کیا۔

یوراج کے لیے سلمان کو نیا کردار دینا چیلنج تھا

سُبھاش گھئی نے بتایا کہ ’یوراج‘ کے لیے سلمان خان کے بھائی نے ان سے رابطہ کیا تھا اور پوچھا تھا کہ وہ سلمان کے ساتھ فلم کیوں نہیں بناتے۔ گھئی نے جواب دیا کہ کیا سلمان خود ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں؟ جواب مثبت ملنے کے بعد انہوں نے فلم کی کہانی لکھنا شروع کی۔ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج سلمان خان کو ایسا کردار دینا تھا جو انہوں نے اس سے پہلے نہ نبھایا ہو۔

فلم یوراج 2008 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں سلمان خان کے ساتھ انِل کپور اور کترینہ کیف نے بھی اداکاری کی تھی۔ تاہم بڑی اسٹار کاسٹ کے باوجود فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوسکی۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً 48 کروڑ روپے کے بجٹ میں بننے والی فلم نے تقریباً 31.22 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا۔

کئی بار اسٹار کردار پر حاوی ہوجاتا ہے

فلم یوراج کی ناکامی پر بات کرتے ہوئے سُبھاش گھئی نے کہا کہ بعض اوقات فلم کا کردار اس لیے مؤثر نہیں رہتا کیونکہ اداکار کی اسٹار امیج کردار پر حاوی ہوجاتی ہے۔ ان کے مطابق اداکار کردار نبھانے کے بجائے خود کو ہی پیش کرنے لگتا ہے۔

گھئی نے مزید کہا کہ ایک وقت کے بعد بڑے اسٹارز خود ہی اپنے کردار کا ایک طرح کا کیریکچر بن جاتے ہیں اور سوال یہ ہے کہ کوئی شخص خود کو بار بار کس حد تک دہرا سکتا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے امیتابھ بچن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں بے شمار مختلف کردار ادا کیے ہیں۔

پاکستان