چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 21 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشتگردوں کی جانب سے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرکے بھتہ وصولی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ کارروائی کے دوران 11 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشین کے علاقے زیارت کراس میں کسٹمز ہاؤس پر دہشتگردوں کا حملہ بھی سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا۔
دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2 افسران، کسٹمز کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ملکی شاہراہوں اور عوام کے تحفظ کے لیے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔










