ملک میں مہنگائی صرف ایک ماہ سنگل ڈیجٹ میں رہنے کے بعد دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں داخل ہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اگست 2026 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.15 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو جولائی میں 9.2 فیصد تھی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق اگست میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 1.19 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اگست 2025 میں سالانہ مہنگائی کی شرح 3.1 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
وزارت خزانہ نے اگست کے لیے مہنگائی کی شرح 10 سے 11 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ لگایا تھا، تاہم اصل شرح اس تخمینے سے بھی تجاوز کرگئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی سالانہ شرح 12.22 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 10.43 فیصد رہی۔ ماہانہ بنیاد پر دیہی علاقوں میں مہنگائی 1.60 فیصد اور شہری علاقوں میں 0.91 فیصد بڑھی۔
یوں جولائی کے مقابلے میں اگست کے دوران مہنگائی کے دباؤ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا اور مجموعی شرح ایک بار پھر 10 فیصد کی حد عبور کرگئی۔











