آبنائے ہرمز میں امریکی حفاظتی اوقات محدود: ٹینکرز کو مخصوص اوقات میں گزرنے کا مشورہ

امریکا نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار ٹینکرز کے لیے فضائی دفاعی تحفظ کے اوقات محدود کر دیے ہیں۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق، امریکی حکام نے ٹینکرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف مخصوص اوقات میں آبنائے ہرمز عبور کریں، تاکہ انہیں فوجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ایران کی جانب سے رات کے وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر حملوں میں اضافے کے بعد امریکا نے حفاظتی انتظامات میں تبدیلی کی ہے۔ واشنگٹن مئی سے ان بحری جہازوں کو فضائی دفاعی معاونت فراہم کر رہا ہے جو آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں عمانی ساحل سے متصل راستہ اختیار کرتے ہیں۔

ستمبر کے آغاز سے امریکی تحفظ کا دورانیہ کم کرکے روزانہ صرف دو مخصوص اوقات تک محدود کر دیا گیا ہے۔ یہ معلومات امریکی بحری رابطہ مرکز کی جانب سے بحری مشاورتی اداروں کو بھیجی گئی ای میلز کی بنیاد پر سامنے آئی ہیں۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل اور دیگر توانائی مصنوعات کی ترسیل کا ایک انتہائی اہم بحری راستہ ہے۔ یہاں بحری جہازوں کی سلامتی سے متعلق کسی بھی نئی پابندی یا خطرے کے عالمی توانائی سپلائی اور تیل کی قیمتوں پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔