حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کرتے ہوئے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مزید مہنگا کردیا۔ وزارتِ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 375 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 28 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل 403 روپے 32 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 12 سے 14 ستمبر تک ہوگا۔ اس طرح چند روز کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔
حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ 10 ستمبر کو بھی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد بالترتیب قیمتیں 370 روپے 80 پیسے اور 398 روپے 4 پیسے مقرر ہوئی تھیں۔
گزشتہ چند روز کے دوران مسلسل اضافوں کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تیزی سے بلند ہوئی ہیں، جس کے اثرات براہِ راست ٹرانسپورٹ، مال برداری اور دیگر شعبوں کے اخراجات پر پڑنے کا امکان ہے۔ کاروباری حلقوں کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل سمیت مجموعی لاگت میں بھی اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں مسلسل ردوبدل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے


