مصنوعی ذہانت کی کمپنی انتھروپک نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک وسیع اثرانداز ہونے والی مہم کا سراغ لگایا، جس کے تعلقات مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات کے سرکاری حکام سے تھے۔ کمپنی کے مطابق اس آپریشن میں اس کے اے آئی چیٹ بوٹ ’’کلاڈ‘‘ کو سوڈان کی جنگ سے متعلق رپورٹس، سوشل میڈیا مواد، وکالتی دستاویزات اور گواہیاں تیار کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔
انتھروپک کے مطابق آپریشن کا بنیادی ہدف مسلم برادرہڈ تھا۔ مہم میں ’’ڈیڈ شاٹ‘‘ نامی ایک اے آئی شخصیت استعمال کی گئی، جس کا مقصد مسلم برادرہڈ کے خلاف عالمی سطح پر منظم کارروائی کے لیے مواد تیار کرنا تھا۔
اقوام متحدہ کے ناقدین کے خلاف ڈوزیئرز
کمپنی کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ان اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کے خلاف ’’کاؤنٹر اکاؤنٹیبلٹی ڈوزیئرز‘‘ بھی تیار کیے گئے جنہوں نے سوڈان میں یو اے ای کے مبینہ کردار پر تنقید کی تھی۔
جعلی شناخت اور گواہیوں کی تیاری کا دعویٰ
انتھروپک کے مطابق مہم میں ایک حقیقی سوڈانی انسانی حقوق کی تنظیم کی شناخت استعمال کرنے اور دو افراد کے نام سے گواہیاں تیار کرنے کی کوشش بھی کی گئی، تاکہ یہ مواد ریاستی مؤقف کے بجائے آزاد مقامی گواہوں کی جانب سے آنے والا دکھائی دے۔ کمپنی نے تقریباً 300 جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلائے جانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
سوڈان جنگ میں یو اے ای پر الزامات
سوڈان میں اپریل 2023 سے فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جنگ جاری ہے۔ یو اے ای پر اقوام متحدہ کے ماہرین سمیت مختلف حلقے آر ایس ایف کی حمایت اور تنازع کو ہوا دینے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں، تاہم ابوظہبی ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کا اسلحہ پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مغربی دارفور پر عائد اسلحہ پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ امریکا پابندی کا دائرہ پورے سوڈان تک بڑھانے پر زور دے رہا ہے، جبکہ روس نے اس اقدام کی مخالفت کا عندیہ دیا ہے۔ واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ موجودہ پابندی جنگ کی موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ناکافی اور فرسودہ ہو چکی ہے۔
سوڈان میں بدترین انسانی بحران
سوڈان کی جنگ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں اور نقل مکانی ہوئی ہے۔ امدادی کارکنوں کے اندازوں کے مطابق اب تک دو لاکھ سے زائد افراد جان سے جا چکے ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر اور شدید غذائی بحران کا شکار ہیں۔ سفارتی کوششوں کے باوجود مختلف محاذوں پر لڑائی بدستور جاری ہے۔


