ویمنز ایشیا کپ: انڈیا کا محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے پھر انکار، تقریب ادھوری چھوڑ دی

انڈیا نے ایک مرتبہ پھر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹورنامنٹ کی ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا۔

دبئی میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں انڈین ویمنز ٹیم نے دفاعی چیمپیئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

تاہم میدان میں شاندار کامیابی کے باوجود ٹرافی کی تقریب معمول کے مطابق نہ ہوسکی۔ کرک انفو کے مطابق میچ ختم ہونے کے بعد ٹرافی پیش کرنے کی تقریب تقریباً 50 منٹ کی تاخیر کا شکار ہوئی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں میں رنر اَپ کے میڈلز تقسیم کیے۔ سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپتھو نے محسن نقوی سے رنر اَپ ٹیم کی انعامی رقم کا چیک بھی وصول کیا۔

بعد ازاں انڈین ٹیم کو ٹرافی پیش کیے جانے سے قبل تقریب اچانک ختم کردی گئی۔ اس موقع پر اسٹیڈیم سے براہِ راست نشر ہونے والی ویڈیو نے بھی انڈین ٹیم کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کیے جانے کی تصدیق کردی۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انڈین ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ امول مجومدار سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ مؤقف بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اختیار کیا ہے اور ٹیم اس فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔

امول مجومدار کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ٹورنامنٹ ختم ہوچکا ہے اور ٹیم چیمپیئن ہے، جو ان کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر بھی انڈیا کو ایشیا کپ 2026 کا چیمپیئن قرار دیا گیا تھا۔

یوں انڈین ٹیم نے ٹائٹل تو اپنے نام کرلیا، تاہم ٹرافی وصول کرنے کی تقریب ایک بار پھر پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں جاری کشیدگی کے باعث توجہ کا مرکز بن گئی۔