پاکستانی آل راؤنڈر معاذ صداقت کی برق رفتار سنچری کی بدولت جمیکا کنگز مین نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سی پی ایل 2026 کے کوالیفائر 2 میں جگہ بنا لی۔ جمیکا نے 145 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 14.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 49 گیندوں پر 112 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ ان کی جارحانہ اننگز نے بارباڈوس کے باؤلرز کو بے بس کردیا۔ صداقت نے اپنی نصف سنچری صرف 22 گیندوں پر مکمل کی، جبکہ سنچری کے لیے انہیں 44 گیندیں درکار ہوئیں۔
صداقت کو ابتدائی موقع بھی ملا جب 16 رنز کے انفرادی اسکور پر متبادل وکٹ کیپر رِوالڈو کلارک ان کا کیچ نہ پکڑ سکے۔ اس کے بعد صداقت نے بارباڈوس کو کوئی موقع نہ دیا۔ پانچویں اوور میں انہوں نے اے ایم غزنفر کے خلاف مسلسل تین چھکے لگا کر جمیکا کی فتح کی بنیاد مزید مضبوط کردی۔
صداقت کو ڈینیئل سیمز نے 14ویں اوور میں کیچ اینڈ بولڈ کیا، تاہم اس وقت جمیکا کو فتح کے لیے صرف 7 رنز درکار تھے۔ کرک میکنزی 22 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی اننگز کا آغاز انتہائی تباہ کن انداز میں ہوا اور ٹیم صرف 30 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 49 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اننگز کو سنبھالا، جبکہ نمبر 7 پر آنے والے کرس گرین نے 44 گیندوں پر ناقابل شکست 57 رنز بنائے۔
دونوں کی شراکت نے ٹرائیڈنٹس کو مکمل تباہی سے نکالتے ہوئے مجموعہ 144 رنز تک پہنچایا، لیکن معاذ صداقت کی برق رفتار بیٹنگ کے سامنے یہ ہدف ناکافی ثابت ہوا۔
جمیکا کی جانب سے حسن خان، صائم ایوب اور حنین شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ آندرے رسل نے دو وکٹیں لیں۔ اس فتح کے ساتھ ہی بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کا سی پی ایل 2026 کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔



