پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کے اثرات: پاکستان میں مہنگائی مزید بڑھ گئی

پاکستان میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 10.64 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 51 میں سے 19 اشیاء مہنگی، 9 سستی جبکہ 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ہفتہ وار بنیادوں پر سب سے زیادہ اضافہ ایندھن کی قیمتوں میں ریکارڈ کیا گیا۔ ڈیزل 7.29 فیصد، پیٹرول 6.40 فیصد اور ایل پی جی 3.26 فیصد مہنگی ہوئی۔

کھانے پینے کی اشیاء میں لہسن کی قیمت 1.94 فیصد اور انڈوں کی قیمت 1.72 فیصد بڑھی۔ دال چنا 0.80 فیصد جبکہ ڈبل روٹی 0.74 فیصد مہنگی ہوئی۔

دوسری جانب ایک ہفتے میں کیلے 6.17 فیصد، ٹماٹر 5.66 فیصد اور پیاز 4.57 فیصد سستے ہوئے، جبکہ مرغی کی قیمت میں 2.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سالانہ بنیادوں پر مہنگائی

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں 117.77 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔

اسی عرصے میں ایل پی جی 60.42 فیصد، ڈیزل 54.21 فیصد اور پیٹرول 48 فیصد مہنگا ہوا۔

آٹے کی قیمت میں سالانہ بنیادوں پر 33.27 فیصد جبکہ بجلی کے نرخ میں 33.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ایک سال میں آلو 35.31 فیصد سستے ہوئے۔ چینی کی قیمت میں 20.95 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 19.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔