چین کی 6 سالہ بچی نے روبک کیوب حل کرنے میں خواتین کی کیٹیگری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
ریاستی میڈیا کے مطابق چین کے شہر چینگدو سے تعلق رکھنے والی لیان یون ژی نے رواں ماہ ورلڈ کیوب ایسوسی ایشن (ڈبلیو سی اے) سے تصدیق شدہ دو مقابلوں میں خواتین کے 3*3 روبک کیوب کے اوسط وقت کا عالمی ریکارڈ دو مرتبہ توڑا۔
لیان نے ووہان میں ہونے والے مقابلے میں پانچ کوششوں کا اوسط 4.52 سیکنڈ جبکہ گوانگ ژو کے مقابلے میں 4.27 سیکنڈ ریکارڈ کیا۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ خواتین کی کیٹیگری میں 4.5 سیکنڈ سے کم اوسط حاصل کرنے والی پہلی اسپیڈ کیوبر بن گئیں۔
چھوٹی سی عمر میں غیر معمولی مہارت رکھنے والی لیان کو گھر میں پیار سے ’’ژِژی‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان کی والدہ کے مطابق بچی نے کم عمری میں ایک کلاس کے ذریعے روبک کیوب حل کرنا سیکھا، جبکہ اس سے قبل وہ رقص اور موسیقی سمیت دیگر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتی تھیں۔
والدہ کے مطابق روبک کیوب میں دلچسپی بڑھنے کے بعد لیان نے اپنی توجہ اس کھیل پر مرکوز کردی۔ وہ اب1300 سے زائد حل کرنے کے الگورتھمز سیکھ چکی ہیں اور روزانہ دو سے تین گھنٹے مشق کرتی ہیں۔
لیان کی والدہ کا کہنا ہے کہ روبک کیوب حل کرنے سے بچوں میں توجہ، یادداشت، منطقی سوچ اور جگہ کے ادراک جیسی صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ سرگرمی صرف فارمولے یاد کرنے تک محدود نہیں بلکہ بہترین حل تلاش کرنے کے لیے منطقی استدلال بھی ضروری ہے۔


