پی ٹی آئی کا لانگ مارچ : راولپنڈی ریجن میں موبائل، انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ

پنجاب کے محکمہ داخلہ نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی ریجن کے مختلف علاقوں میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کردی۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

مراسلے میں راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص مقامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز محدود کرنے کے ساتھ ساتھ بعض علاقوں میں انٹر نیٹ جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق راولپنڈی کے علاوہ موٹروے کے مختلف مقامات پر بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ یا سگنلز محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ان مقامات میں براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی،واہ صدر، تھلیاں اور چکری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اٹک کے مخصوص مقامات پر بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سگنلز محدود کرنے کی درخواست امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی سفارش پر کی گئی ہے۔

راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص مقامات پر 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ رکھنے کی درخواست کی گئی ہے، تاہم حتمی انتظامی اور تکنیکی کارروائی وفاقی وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کے دائرہ اختیار میں ہوگی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔