گوگل اپنے اےآئی اسسٹنٹ جیمنائی کو محض سوالات کے جواب دینے والے ٹول تک محدود نہیں رکھنا چاہتا۔ کمپنی نے جیمنائی کے کنیٹکٹڈ ایپس فیچر میں کئی نئے تھرڈ پارٹی ایپس شامل کیے ہیں، جن کی مدد سے صارفین ایک ہی جگہ سے پروجیکٹ مینجمنٹ، ڈیٹا آرگنائزیشن، تخلیقی کام، ویب سائٹ سازی اور روزمرہ کی دیگر سرگرمیاں انجام دے سکیں گے۔
گوگل کے مطابق نئے انٹیگریشنز کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو معمولی کاموں کے لیے بار بار مختلف ایپس یا براؤزر ٹیبز کے درمیان جانے کی ضرورت کم ہو۔
گوگل نے کنیٹکٹڈ ایپس میں اےآئی آرٹیبل، لینیئر ، منڈے ڈاٹ کوم، پانڈا ڈوک ، وسپر اےآئی اور زوہو کو شامل کیا ہے۔
ان کے ذریعے جیمنائی کو مختلف پروڈکٹیویٹی ٹاسکس میں استعمال کیا جاسکے گا، جن میں پروجیکٹس کو منظم کرنا، ڈیٹا بیس ترتیب دینا، معلومات سنبھالنا اور بول کر نوٹس تیار کرنا جیسے کام شامل ہیں۔
تخلیقی کام بھی جیمنائی کے ذریعے
جیمنائی کے نئے کنکشنز صرف دفتری کاموں تک محدود نہیں۔ تخلیقی صارفین کے لیے ایڈوب، پک سارٹ، اسکوائیراسپیس اور ویب فلو کے ساتھ بھی انٹیگریشن متعارف کرایا گیا ہے۔
ان کنکشنز کی مدد سے صارفین جیمنائی کے اندر رہتے ہوئے آئیڈیاز کو بصری شکل دینے، گرافکس اور دیگر ویژول اثاثے تیار کرنے اور ویب سائٹ بنانے جیسے کاموں میں مدد حاصل کرسکیں گے۔
ایپس کو جیمنائی میں کیسے استعمال کریں؟
نئے کنیٹکٹڈ ایپس کو جیمنائی کی سیٹنگز میں جاکر منسلک کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ گفتگو کے دوران کسی ایپ کو مینشن کرکے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، یا جیمنائی کو براہِ راست ہدایت دی جاسکتی ہے کہ وہ مخصوص ایپ کے ذریعے مطلوبہ کام انجام دے۔
گوگل کے مطابق نئے انٹیگریشنز کی فراہمی شروع ہوچکی ہے۔
جیمنائی کے کنیٹکٹڈ ایپس کا دائرہ کام اور تخلیقی سرگرمیوں سے آگے بھی بڑھ رہا ہے۔ صارفین اپارٹمینٹ ڈاٹ کوم کے ذریعے اپارٹمنٹ تلاش، ایکسپیرئین کے ذریعے کریڈٹ مانیٹرنگ، پیلوٹون کے ذریعے ورزش کے منصوبے اور سیٹ گیک کے ذریعے ایونٹ ٹکٹس تلاش کرنے جیسے کام بھی کرسکیں گے۔
گوگل اس سے قبل اگست میں بھی جیمنائی کے کنیٹکٹڈ ایپس میں توسیع کرچکا ہے۔ اس مرحلے میں گرینولا ، اوٹر.اےآئی ، وکس، ٹکٹ ماسٹر ، آئی ہارٹ ریڈیو ، پینڈورا اور زوک ڈوک سمیت کئی سروسز شامل کی گئی تھیں۔
کمپنی اپنے ہی ورک اسپیس ایپس کے درمیان بھی جیمنائی کی صلاحیت بڑھا رہی ہے۔ حال ہی میں متعارف کرائے گئے ایجنٹک فیچرز کے ذریعے جیمنائی آئی جی ایم ، ڈرائیو، ڈاکس، سلائیدز اور چیٹ کے درمیان کام کو مربوط کرنے اور صارف کے لیے دستاویزات، اسپریڈشیٹس اور پریزنٹیشنز تیار کرنے میں مدد کرسکتا ہے۔
یوں گوگل جیمنائی کو ایک ایسے اےآئی اسسٹنٹ میں تبدیل کرنے کی سمت بڑھ رہا ہے جو صرف معلومات فراہم کرنے کے بجائے مختلف ایپس کے ساتھ مل کر عملی کام بھی انجام دے سکے۔


