برطانوی فضائی اڈے پر حملے کی مبینہ سازش:مشتبہ افراد کی ضمانت پر ٹرمپ حیران

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ میں ایک ایئربیس پر مبینہ حملے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیے گئے 5 افراد کو ضمانت پر رہا کیے جانے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق برطانوی فضائیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ ایئربیس کے قریب سے 5 مشتبہ افراد گرفتار ہوئے تھے۔ یہ وہی خفیہ اڈہ ہے جہاں سے امریکی بی 52 بمبار طیارے مارچ سے ایران پر حملے کر رہے ہیں۔

برطانوی پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی عمریں 20 سے 26 سال کے درمیان ہیں اور سب کا تعلق لندن سے ہے۔تاہم تمام افراد کو ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

برطانوی کاؤنٹر ٹیررازم پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس کیس میں کسی غیر ملکی ریاست کے ملوث ہونے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاہم ایران نے اس الزام کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچوں افراد کو ضمانت پر رہا کیے جانے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اس معاملے کے ذمہ دار ہوتے تو گرفتار افراد کو ضمانت پر رہا نہ کرتے۔ ان کے مطابق امریکی حکام کو پانچوں افراد کے بارے میں معلومات حاصل ہیں۔