ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز نے مشن امپاسیبل جیسے ایکشن سین چھوڑ کر اپنی زندگی کا سب سے مشکل اور متنازع کردار ادا کر لیا ہے۔ ان کی نئی فلم “ڈگر” میں وہ ایک بوڑھے اور کرپٹ بزنس ٹائیکون کے روپ میں نظر آئیں گے۔
اے ایف پی کے مطابق 13 کروڑ ڈالر کے بجٹ سے بننے والی یہ ڈارک کامیڈی فلم میکسیکو کے آسکر یافتہ ہدایتکار الیجینڈرو گونزالیز اناریتو نے بنائی ہے۔
مشن: امپاسیبل سیریز، ٹاپ گن: میورک اور جیک ریچر جیسی ایکشن فلموں کے لیے مشہور ٹام کروز نے طویل عرصے بعد ایک ایسے سنجیدہ کردار کا انتخاب کیا ہے جو ان کی معمول کی فلموں سے مختلف ہے۔
فلم میں ٹام کروز ایک ایسے ارب پتی کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ماحولیاتی بحران میں گھرا ہوا ہے اور اپنی دولت، کاروبار اور ضمیر کے درمیان جنگ لڑ رہا ہے۔ فلم میں کلائمیٹ چینج، کارپوریٹ لالچ اور ارب پتی طبقے پر طنز کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے 64 سالہ ٹام کروز نے جی کیو میگزین کو انٹرویو میں کہا کہ یہ میری تمام صلاحیتوں کا نچوڑ ہے۔ یہ میری زندگی کا سب سے چیلنجنگ کردار ہے۔
فلم کے لندن میں پریمیئر کے بعد سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کچھ لوگوں کو ٹام کروز کا نیا روپ بہت پسند آیا تو کچھ کو اناریتو کا طنزیہ انداز ہضم نہیں ہو رہا۔


