سلمان خان کے مداحوں کے لیے بڑی خبر: فلم ماتری بھومی کی ریلیز کا راستہ صاف

ممبئی:سلمان خان کی طویل انتظار کے بعد آنے والی فلم ماتری بھومی کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ فلم کی ریلیز میں کافی عرصے سے رکاوٹیں موجود تھیں، تاہم اب حکام کی جانب سے نئے ورژن کو دیکھنے کے بعد فلم کو ریلیز کے لیے این او سی ملنے کی اطلاع ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی فلم کی کہانی 2020 میں بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ اسی لئے ماتربھومی کا ابتدائی نام بیٹل آف گلوان رکھا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے تبدیل کرکے ماتری بھومی کردیا گیا۔ ۔

فلم میں چین سے متعلق کئی مناظر شامل تھے، جن پر مبینہ طور پر وزارت دفاع کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق موجودہ حالات اور بھارت چین تعلقات میں بہتری کے پیش نظر فلم کے بعض مناظر پر حکام کو تحفظات تھے۔ فلم سازوں نے ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری کٹ اور ایڈیٹنگ کی۔

نئے ورژن کا جائزہ لینے کے بعد حکام مطمئن ہوئے اور گزشتہ ہفتے فلم کو تھیٹرز میں نمائش کے لیے این او سی دیے جانے کی اطلاع سامنے آئی۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان اور ان کی ٹیم 13 نومبر کو فلم ریلیز کرنے پر غور کر رہی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ دیوالی کے بعد کا وقت فلم کی ریلیز کے لیے موزوں ہوسکتا ہے۔تاہم یہ تاریخ ابھی حتمی نہیں ہے اور فلم سازوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

حکومتی اجازت کے بعد بھی فلم کی ریلیز کے لیے ایک اہم مرحلہ باقی ہے۔ فلم کو سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اگر سینسر بورڈ کی کارروائی مکمل ہوگئی اور فلم کو سرٹیفکیٹ مل گیا تو 13 نومبر کی ممکنہ ریلیز کی راہ مزید ہموار ہوسکتی ہے۔

ماتری بھومی کو سلمان خان کی اہم آنے والی فلموں میں شمار کیا جارہا ہے۔ طویل عرصے سے مختلف وجوہات کی بنا پر زیرِ التوا اس فلم کے حوالے سے تازہ پیش رفت نے سلمان خان کے مداحوں میں ایک بار پھر جوش پیدا کردیا ہے۔