بھارت میں الیکشن کمیشن اور مودی سرکاری کی ملی بھگت سے ووٹر لسٹوں سے مودی مخالف ووٹ نکالنے کے خلاف ممبئی میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج جاری ہے ۔اس احتجاج میں بڑی تعداد میں نوجوان شرکت کررہے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھانے کے لئے بالی ووڈ کی سرکردہ شخصیات بھی پہنچ رہی ہیں۔
بھارتی شہر ممبئی کے شیواجی پارک میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے اور ووٹر لسٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔
احتجاج کا مرکزی مطالبہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے سے متعلق ہے۔ سی جے پی کے رہنما ابھجیت دیپکے نے مبینہ طور پر ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر حکومت اور انتخابی عمل سے متعلق سوالات اٹھائے۔
یہ تنازع اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے دوران ووٹر لسٹ میں ناموں کے حذف ہونے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے بعد مزید نمایاں ہوا۔
احتجاج میں شریک افراد ووٹر لسٹ کی شفافیت اور شہریوں کے حقِ رائے دہی سے متعلق خدشات کا اظہار کررہے ہیں۔ جن میں بالی ووڈ شخصیات بھی شامل ہیں۔
نصیر الدین شاہ کی آمد
رپورٹ کے مطابق پولیس کی اجازت نہ ملنے کے باوجود نصیرالدین شاہ احتجاجی مقام پر پہنچے۔ انہوں نے احتجاج کے منتظم اور سی جے پی کے بانی ابھجیت دیپکے سے ملاقات کی اور انہیں گلے لگایا۔
دیپکے نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نصیرالدین شاہ کے بڑے مداح ہیں اور ان کی احتجاج میں شرکت ان کے لیے خاص لمحہ ہے۔
احتجاج ہر شہری کا حق: شبانہ اعظمی
اداکارہ شبانہ اعظمی بھی مظاہرین کے درمیان پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ ان کے مطابق اگر ووٹر لسٹ سے لوگوں کے نام بغیر کسی وجہ کے ہٹا دیے جائیں تو عوام کا اس پر احتجاج کرنا فطری ہے۔
ہر کسی کی اپنی مرضی: وشال بھاردواج
فلم ساز وشال بھاردواج بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ احتجاج میں شریک ہوئے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بالی ووڈ کے دیگر فنکاروں کو بھی اس معاملے میں حمایت کرنی چاہیے، تو انہوں نے کہا کہ یہ ہر شخص کی اپنی مرضی ہے۔ اگر کسی کو لگتا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ غلط ہے تو وہ حمایت کے لیے آئے، اور اگر ایسا نہیں لگتا تو نہ آئے۔
وشال دادلانی کی بھی شرکت
گلوکار اور موسیقار وشال دادلانی نے بھی شیواجی پارک پہنچ کر احتجاج کی حمایت کی۔ انہوں نے سی جے پی رہنما ابھجیت دیپکے سے ملاقات کی۔ رپورٹ کے مطابق دادلانی نے احتجاج سے قبل سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اس پروگرام کی حمایت کی تھی۔
شرلین چوپڑا نے اٹھائے ووٹر لسٹ پر سوال
اداکارہ شرلین چوپڑا نے ووٹ دینے کے حق اور ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کے معاملے پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے دوران تقریباً 13 کروڑ افراد کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے ہیں اور سوال کیا کہ کیا یہ ثابت کیا جا سکتا ہے کہ یہ تمام افراد غیر شہری ہیں۔


