بھارتی ریپر اور میوزک پروڈیوسر ہردیش سنگھ المعروف یو یو ہنی سنگھ مہاراشٹر سائبر کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود پیر کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ہنی سنگھ نے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہنی سنگھ کے ایک کنسرٹ کے دوران دیے گئے مبینہ نامناسب بیان سے متعلق ہے۔ رپورٹس کے مطابق دہلی میں نَنکو اور کرن کے ایک میوزک شو کے دوران ہنی سنگھ نے موسم کا حوالہ دیتے ہوئے ناظرین سے جنسی نوعیت کا جملہ کہا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس بیان پر شدید تنقید ہوئی اور بعد ازاں ایک شخص نے مہاراشٹر سائبر میں شکایت درج کرادی۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ہنی سنگھ نے سوشل میڈیا پر وضاحت اور معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد کسی کی توہین یا دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ ان کے مطابق کنسرٹ سے کچھ دن پہلے انہوں نے ایک گائناکالوجسٹ اور سیکسولوجسٹ سے نوجوانوں میں غیر محفوظ جنسی تعلقات اور جنسی بیماریوں کے بڑھتے خدشات کے بارے میں بات کی تھی۔
ہنی سنگھ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ نوجوانوں تک محفوظ جنسی تعلقات اور تحفظ کا پیغام ان کی اپنی زبان اور انداز میں پہنچانا چاہتے تھے، تاہم ان کے الفاظ کا انتخاب مناسب نہیں تھا اور معاملہ الٹا متنازع ہوگیا۔
اسی شکایت کی بنیاد پر مہاراشٹر سائبر نے تحقیقات شروع کیں اور ہنی سنگھ کو ذاتی طور پر پیش ہوکر تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سمن جاری کیا۔ اس سے قبل بھی انہیں پیشی کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے، جبکہ تازہ طلبی کو حکام کی جانب سے مزید کارروائی کے سلسلے کی کڑی قرار دیا گیا ہے۔
تاہم مقررہ تاریخ پر ہنی سنگھ سائبر حکام کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور مزید وقت کی درخواست کردی۔ اب ان کی نئی پیشی اور بیان ریکارڈ کرانے کے حوالے سے تفتیشی ادارے کے آئندہ اقدام پر نظر ہے۔


