پاکستان کا مقامی تیار کردہ فتح 4 ایکسٹینڈڈ ورژن کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 ایکسٹینڈڈ ورژن گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں اور اہم تکنیکی خصوصیات کی توثیق کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتح 4 ایکسٹینڈڈ ورژن جدید ایویانکس اور جدید ترین نیوی گیشنل سسٹم سے لیس ہے اور وسیع رینج میں اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجربے کے دوران میزائل کی بہتر درستگی اور مؤثر بقا کی صلاحیت سے متعلق مختلف تکنیکی پہلوؤں کی بھی جانچ اور توثیق کی گئی، جبکہ اس کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فتح 4 ایکسٹینڈڈ کے کامیاب تجرباتی لانچ کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی اور اس کی تیاری میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی تکنیکی صلاحیتوں اور کاوشوں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے فتح 4 ایکسٹینڈڈ ورژن کی کامیاب آزمائش کو پاکستان کی مقامی دفاعی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

یہ تجربہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کے لیے مقامی تحقیق، ترقی اور پیداوار کی صلاحیت بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔ مقامی طور پر ایسے نظاموں کی تیاری کا مقصد دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کو فروغ دینا اور جدید عسکری ضروریات کے مطابق صلاحیتیں پیدا کرنا ہے۔