حوثیوں کا ایک ماہ میں تیسری بار ریاض پر حملہ

ریاض: حوثی فورسز نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں تیسری مرتبہ نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل ستمبر کے وسط اور پھر ماہ کے اختتام پر بھی ریاض کی جانب میزائل حملے کی کوشش کی گئی تھی، جنہیں سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے روک دیا تھا۔

الجزیرہ کے مطابق یمن میں بدلتی ہوئی عسکری صورتحال کے باعث سعودی عرب اور اس کے اتحادی بیک وقت دفاعی اور جارحانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔

سعودی عرب کی دفاعی کارروائیوں کا بنیادی مقصد ملک کی فضائی حدود کی نگرانی اور حوثی حملوں کو روکنا ہے۔ یمن میں جاری فوجی پیش رفت کے دوران حوثی حملوں میں اضافے کے باعث سعودی دفاعی نظام کو مزید فعال رکھا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی سعودی قیادت میں قائم اتحاد حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کر چکا ہے۔

دوسری جانب سعودی قیادت میں اتحاد یمن کے اندر بھی فوجی کارروائیاں کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈان آف یمن آپریشن شروع ہونے کے بعد اتحاد یمنی فورسز کو فضائی مدد فراہم کر رہا ہے۔

اتحاد کے مطابق آپریشن کے پہلے روز تقریباً 100 جنگی طیاروں نے کارروائی میں حصہ لیا اور حوثی اہداف کو نشانہ بنایا۔