ایتھنز: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا اپنی طاقتور فوجی صلاحیتوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایتھنز میں اپنے یونانی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ ایران خطے سے امریکی افواج کو نکالنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم امریکا کے پاس خطے میں اپنے مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر عسکری صلاحیت موجود ہے۔
روبیو نے کہا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہو سکتا، یہ ایک واضح اور حتمی مؤقف ہے۔ ان کے مطابق ایران کے ساتھ ایسا کوئی بھی معاہدہ جو امریکا کے لیے قابل قبول ہو، اس میں اس بات کی ضمانت ضروری ہوگی کہ تہران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل کی ترسیلی راستوں میں شمار ہوتی ہے، اس لیے خطے میں کسی بھی فوجی کشیدگی کے عالمی توانائی منڈیوں پر براہِ راست اثرات مرتب ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
ان کے مطابق ایران ایک ایسی وسیع روایتی فوجی صلاحیت بھی تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کے باعث وہ خود کو ناقابلِ تسخیر سمجھنے لگے۔ امریکا ایران کی ایسی فوجی صلاحیت کے قیام کو بھی سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے، تاہم واشنگٹن کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔


