حسن نواز نے قومی ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد واپسی کا پلان بتادیا

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز حسن نواز نے کہا ہے کہ ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد مائیک ہیسن نے انہیں واپسی کے لیے ایک واضح پلان دیا، جس پر کام کرتے ہوئے انہیں مشکل پچز پر کھیلنے کا موقع ملا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ مشکل وکٹوں پر کھیلنے سے کرکٹ نسبتاً آسان محسوس ہونے لگتی ہے۔ ان کے بقول ڈومیسٹک کرکٹ نے انہیں اپنی خامیوں پر کام کرنے اور مشکل حالات میں بیٹنگ کی عادت ڈالنے میں مدد دی۔

ایشین گیمز میں بھارت کے خلاف اپنی شاندار کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ پہلے میچ میں وہ خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے تھے۔بھارت دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے اور ایسی ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی ہمیشہ اعتماد دیتی ہے۔ ان کا خواب ایشین گیمز سے گولڈ میڈل لے کر واپس آنا تھا، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ جیتنے کا افسوس رہے گا۔

حسن نواز نے کہا کہ کھلاڑی غلطیوں سے ہی سیکھتا ہے، خراب کارکردگی کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا ختم ہوگئی۔ناکامیوں سے سبق لے کر دوبارہ بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش جاری رہنی چاہیے۔

انہوں نے بھارت کے خلاف مستقبل میں مزید مقابلوں کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان آئندہ بھی میچز ہوں گے، اس لیے ماضی کی کارکردگی سے سیکھ کر مستقبل پر توجہ دینا ضروری ہے۔